کراچی میں آئندہ 2 روز تک بارش کی پیشگوئی، شہری احتیاط کریں

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

شہرِ قائد میں آئندہ 2 روز تک ہلکی اور موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے ، ماہرین نے شہریوں کو احتیاط کی ہدایت بھی کی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں کل صبح سے ہفتے کی رات تک ہلکی اور تیز بارش ہوگی۔ محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہرِ قائد کے علاقے گڈاپ ٹاؤن، گلشنِ حدید، اسٹیل ٹاؤن، ائیرپورٹ اور ملیر میں ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔

بارش اور خاص طور پر ژالہ باری کے دوران شہریوں کو احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔ بارش کا پانی جگہ جگہ کھڑا ہونے کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے، شہری بلا ضرورت سفر سے اجتناب کریں۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں بارش کے دوران خشک و سرد ہوائیں چلیں گی جبکہ شہر کے مضافات میں درجۂ حرارت 9 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔ ژالہ باری کے خدشات 20 سے 30 فیصد کے درمیان رہیں گے۔

کراچی کے علاوہ بلوچستان میں مغربی ہواؤں کا سلسلہ داخل ہوچکا ہے جس کی شدت میں اضافے کا خدشہ ہے۔ آج رات سے سندھ کے مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بارش ہوگی جن میں حیدر آباد، بدین، تھرپارکر، ٹھٹھہ، سکھر اور گھوٹکی شامل ہیں۔ بارش کے دوران ٹھنڈی ہوائیں بھی چلنے کا امکان ہے۔

Related Posts