اسلام آباد ہائی کورٹ: وزیر اعظم کے معاونینِ خصوصی کی تقرریاں چیلنج کردی گئیں

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اسلام آباد ہائی کورٹ: وزیر اعظم کے معاونینِ خصوصی کی تقرریاں چیلنج کردی گئیں
اسلام آباد ہائی کورٹ: وزیر اعظم کے معاونینِ خصوصی کی تقرریاں چیلنج کردی گئیں

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد (یٰسین ہاشمی) : ہائی کورٹ میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے معاونینِ خصوصی کی تقرریاں چیلنج کردی گئی ہیں۔ معاونین میں فردوس عاشق اعوان، نعیم الحق، زلفی بخاری اور عثمان ڈار سمیت 15 عہدیداران شامل ہیں۔ 

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ہائی کورٹ میں ینگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین فرخ نواز بھٹی نے وزیر اعظم کے تمام معاونینِ خصوصی کی تعیناتیاں چیلنج کردی ہیں۔

ینگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن چیئرمین فرخ نواز بھٹی نے درخواست میں وزیر اعظم عمران خان اور تمام معاونینِ خصوصی کو درخواست میں فریق بنایا ہے۔ ندیم افضل چن، علی نواز اعوان، شہزاد اکبر اور  معید یوسف بھی فریقین میں شامل ہیں۔

معاونینِ خصوصی کی تعیناتی چیلنج کرتے ہوئے درخواست گزار فرخ نواز بھٹی نے کہا ہے کہ معید یوسف امریکا کے مختلف تھنک ٹینکس کے ساتھ کام کرچکے ہیں۔ ان کی تعیناتی ملک کےمفاد کے خلاف ہوسکتی ہے۔

درخواست گزار نے تعیناتی چیلنج کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ رولز آف بزنس 1973ء کے رول 4(6)کے مطابق وزیر اعظم عمران خان یہ اختیار رکھتے ہیں کہ معاونِ خصوصی تعینات کرسکیں، تاہم  انہیں جو درجہ دیا گیا، وہ خلافِ قانون ہے۔

فرخ نواز بھٹی نے درخواست میں کہا کہ معاونینِ خصوصی کو وفاقی وزیر یا وزیرِ مملکت کے برابر درجہ دینا قانون کے خلاف ہے جبکہ کسی بھی معاونِ خصوصی کی تعیناتی آئین کے آرٹیکل 92 کے تحت عمل میں نہیں لائی گئی۔ 

انہوں نے استدعا کی کہ وزیر اعظم عمران خان اور کابینہ ڈویژن کے اقدام کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے قومی احتساب بیورو (نیب) کو تمام فریقین  کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے۔ 

یاد رہے کہ اس سے قبل  وزیر اعظم عمران خان نے معروف محقق اور ماہر بین الاقوامی امور  ڈاکٹر معید یوسف کو قومی سلامتی کا معاون خصوصی مقرر کردیا۔

ڈاکٹر معیدیوسف کو 24 دسمبر کو وزیر اعظم عمران خان کا معاون خصوصی برائے قومی سلامتی مقرر کیا گیا۔ ڈاکٹر معید یوسف کی تعیناتی کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ ان کا عہدہ وزیر مملکت کے برابر ہوگا۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم نے ڈاکٹر معید یوسف کو  معاون خصوصی مقرر کردیا

Related Posts