آئی ایم ایف سے مذاکرات کا حتمی دور آج، پاکستان نے کیا کیا یقین دہانیاں کروائیں؟

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

آئی ایم ایف
(فوٹو: آن لائن)

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد: وفاقی حکومت اور آئی ایم ایف کے مابین مذاکرات کا آج آخری دور ہوگا، آئی ایم ایف مشن کے دورے کا آج آخری روز بھی ہے، دورے کا مقصد پاکستان کو درکار قرض کی ضروریات پر معاشی اصلاحات کا جائزہ لینا تھا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے مابین مذاکرات کا آج آخری دن ہے، وفاقی حکومت معاشی و مالیاتی پالیسیوں کی یادداشت کو حتمی شکل دے گی۔ آئی ایم ایف حکام کا کہنا ہے کہ مذاکرات آج ختم ہوجائیں گے،تاہم کسی پیچیدگی کی صورت میں مذاکرات میں 1روز کی توسیع ممکن ہے۔

پاکستان کو آئندہ ماہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی جانب سے موجودہ قرض پروگرام کی آخری قسط کی منظوری ملنے کی توقع ہے۔ 15 اپریل سے امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں کا آغاز ہوگا، پاکستان نئے اور بڑے قرض پروگرام کیلئے درخواست دے گا۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے حلف اٹھانے کے تیسرے روز آئی ایم ایف مشن پاکستان کے دورے کیلئے پہنچ گیا تھا۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب آئی ایم ایف سے ہونے والے مذاکرات کی قیادت کر رہے ہیں اور واشنگٹن میں بھی آئی ایم ایف اور عالمی بینک کی اسپرنگ میٹنگز میں شرکت کریں گے۔

آئی ایم ایف کو یقین دہانیاں

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر قیادت وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کو نان فائلرز کی جانب سے جائیداد کی خریدوفروخت پر ٹیکس بڑھانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ پاکستان تمام ہاؤسنگ سوسائٹیز کو رجسٹرڈ کرنے پر بھی مثبت جواب دے چکا ہے جبکہ جائیداد کی خریداری بینک کے ذریعے لازمی قراردینے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

حال ہی میں آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کو سستی گیس کی فراہمی ختم کرنے پر زور دیا گیا تھا۔ آئندہ ماہ پاکستان آئی ایم ایف سے 8ارب ڈالر کے نئے بیل آؤٹ پیکیج کی باضابطہ درخواست کرے گا۔ آئی ایم ایف کی تجویز پر ہی حکومت کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت دیگر شہروں میں گیس مزید مہنگی کرنے کیلئے تیار ہے۔

Related Posts