آئل ٹینکرز سے تیل چوری کا سلسلہ تھم نہ سکا ، پولیس کی ملی بھگت سے اڈہ تبدیل

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

No let-up in oil theft from in karachi

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی :نجی آئل کمپنی کے آئل ٹینکرز سے تیل چوری کا سلسلہ تھم نہ سکا ، ایم ایم نیوز ٹی وی نے گزشتہ دنوں جن مقامات پر چوری ہونے کی نشاندہی کی تھی وہ تمام بدل کرنئے مقامات پر تیل چوری کرنے کا اڈہ قائم کردیاگیا۔

ذرائع کے مطابق علاقہ پولیس نے آئل چوروں سے بھر پور تعاون کرتے ہوئے خبر کی اشاعت کے بعد چوری کی اس واردات کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے سابق گھگر پولیس چوکی کے عقب میں گھگر پولیس کی حفاظت میں نیا اڈہ قائم کروادیا ہے ۔

ادھر با خبر ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے مبینہ طور پر 5 لاکھ روپے نذارنہ وصول کر لیا ہے اور اپنی حفاظت میں آئل ٹینکر لا کر چوری کروانے کی پیکیج ڈیل کرکے تیل چورمافیا کے 3 سرغنوں کو کھلی چھوٹ فراہم کر دی ہے جس کے بعد براستہ نیشنل ہائی وے اندرون سندھ ملٹی نیشنل پیٹرولیم کمپنیوں کے ٹینکرز ڈرائیوروں کی ملی بھگت سے یومیہ ہزاروں لیٹر ایندھن چوری ہورہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل ہائی وے کے مختلف مقامات پر تیل چور مافیا نے درجنوں غیر قانونی ڈمپنگ پوائنٹ اور بعض مقامات پر کروڈ آئل کے اڈے بھی قائم کردیئے ہیں جہاں پر ڈیزل تیار ہونے کے نیشنل ہائی وے اور سپر ہائی وے نجی پیٹرول پمپوں پر سپلائی کیا جاتا ہے،ایندھن کی غیر قانونی منتقلی اور چوری کے پوائنٹس پر کسٹم انٹیلی جنس نے کارروائی کے بجائے خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل اسٹیل ٹاؤن ہی کی حدود گلشن حدید سے دو منٹ کی مسافت پر مچھلی مارکیٹ کی سامنے مقامی پولیس کی سرپرستی میں تیل چورمافیا کےاڈے کی نشاندہی بھی کی گئی تھی جس کے بعد ذرائع کا کہنا ہے کہ اب مقام تبدیل کر دیا گیا ہے تاہم تیل چوری کا سلسلہ تھم نہ سکا بلکہ اس میں تیزی آ گئی ہے۔

مزید پڑھیں:آئل مافیا نے سرکاری ڈپو تک پہنچنے سے پہلے آئل ٹینکرز سے خام تیل چوری کرنا شروع کردیا

اس حوالے سے آل پاکستان آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن کے چیئر مین شمس شہوانی پہلے ہی بتا چکے ہیں کہ ایسوسی ایشن نے ایسے ڈرائیورز کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور تیل چوری روکنے کے لیے وزارت پیٹرولیم اور وزارت داخلہ کو خط لکھ رکھا ہے تاہم کوئی ادارہ اب تک اس گھناؤنے کاروبار کے خلاف کارروائی کرنے کو تیار نہیں ہے۔

Related Posts