آج سے 5روز تک مختلف شہروں میں بارش کے نئے سلسلے کی پیشگوئی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

مختلف شہروں میں بارش
(فوٹو: آن لائن)

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد: آج سے 5روز تک ملک کے مختلف شہروں میں بارش کے نئے سلسلے کی پیشگوئی سامنے آئی ہے۔ محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک میں داخل ہوگا۔

نجی ٹی وی (جیو نیوز) کی رپورٹ کے مطابق محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک کے مغربی حصوں میں آج داخل ہوگا اور کل تک بالائی اور وسطی حصوں کو بھی لپیٹ میں لے لے گا۔ آج سے 29مارچ تک بلوچستان کے 16 اضلاع میں بارش متوقع ہے۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعرات اور جمعہ کو جیکب آباد، سکھر، لاڑکانہ، دادو اور کشمور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ آج سے آئندہ 5روز تک وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش متوقع ہے۔

اس حوالے سے محکمۂ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ بدھ کے روز ملک کے جنوبی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں اور جھکڑ چلیں گے۔ جمعرات کوبالائی خیبر پختونخوا، جنوبی پنجاب، کشمیر، گلگت بلتستان اور شمالی بلوچستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ جنوبی علاقوں میں جھکڑ چلیں گے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ بالائی و وسطی اضلاع میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہا۔ محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ وسطی پنجاب اور کے پی کے میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بادل برسے۔ سب سے زیادہ بارش پنجاب کے شہر لیہ میں ہوئی۔

Related Posts