نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے انتباہ کو سنجیدہ لیا جائے

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے دوران بے احتیاطی سے ملک میں کورونا وائرس پوری شدت کے ساتھ پھیل سکتا ہے اس لئے محرم کے دوران احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی تاکید جاری کیا گیا ہے جبکہ وفاقی وزیر اسد عمر نے وفاق اور صوبوں پرایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے بھرپورزور دیا ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کی وباء کی شدت میں بڑی حد تک کمی دیکھنے میں آئی ہے، پاکستا ن میں گزشتہ روز کورونا وائرس سے مزید 15 اموات ہوئیں جس کے بعد ملک میں اس وباء سے ہونیوالی اموات کی تعداد6ہزار 112 جبکہ ملک بھر میں 531 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 85 ہزار 191 ہوگئی ہے۔

ملک میں کورونا کے کیسز کم ہونے کے بعد وفاق اور صوبوں نے لاک ڈاؤن مکمل طور پر ختم کردیا ہے جس کے بعد معمولات زندگی بحال ہوگئے ہیں تاہم حکومت کی جانب سے عوام کو سماجی فاصلے سمیت دیگر تمام ایس او پیز پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے لیکن پورے ملک میں کہیں عوام ایس او پیز پر عمل کرے دکھائی نہیں دیتے۔

شاپنگ مالز ، ریسٹورنٹس اور پارکس کھلنے کے بعد شہری بڑی تعداد میں بازاروں اور مالز میں بناء ماسک لگائے گھومتے دکھائی دیتے ہیں، سماجی فاصلے کا خیال نہیں رکھا جارہا جبکہ خواتین اور بچے بڑی تعداد میں بازاروں اور دیگر رش والی جگہوں پر بڑی تعداد میں آرہے ہیں اور ہینڈ سینی ٹائزر کا استعمال بھی کم دیکھنے میں آیا ہے۔

پاکستان دنیا کے دیگر ممالک کے نسبت اس موذی وباء سے کم متاثر ہوا ہے جبکہ حکومت پاکستان کی جانب سے دیگر ممالک کے مقابلے لاک ڈاؤن کے دوران بھی عوام کیلئے آسانیاں پیدا کی گئی تاہم عوام کی جانب سے اس وباء کو غیر سنجیدہ لینے کی وجہ سے کیسز میں اضافہ ہوا لیکن اللہ تعالیٰ کی کرم نوازی ہے کہ پاکستان اس وباء سے زیادہ متاثر نہیں ہوا۔

حکومت نے عوام کی تکالیف کے پیش نظر لاک ڈاؤن ختم کردیا ہے لیکن اب یہ عوام کی ذمہ داری ہے کہ اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگیاں خطرے میں ڈالنے کے بجائے احتیاط کریں کیونکہ اب لاک ڈاؤن کھلنے کے بعد زیادہ خطرہ ہوسکتا ہے جبکہ ماہ محرم کے دوران جلوس و مجالس کے دوران بھی زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔

مذہبی فرائض کی ادائیگی بلاشبہ ضروری ہے لیکن اس دوران اپنی اور دیگر لوگوں کی زندگیاں محفوظ بنانا بھی عوام کی ذمہ داری ہے، اس لئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی ہدایات اور انتباہ کو سنجیدہ لیا جائے اور کورونا کو مکمل طور پر شکست دینے کیلئے ہر ممکن طور پر احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

Related Posts