اسد قیصر کی زیرِ صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس، وفاقی بجٹ کی منظوری آج دی جائیگی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Pak National Assembly remains in turmoil

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد: اسپیکر اسد قیصر کی زیرِ صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس آج ہوگا جس میں  وفاقی حکومت کے پیش کیے گئے بجٹ کی منظوری دی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں وفاقی بجٹ کی منظوری آج دی جائے گی۔ وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کورونا کے باوجود حکومت نے زبردست بجٹ دیا۔

قومی اسمبلی میں بجٹ پیش کیے جانے کے بعد وفاقی حکومت اس کی منظوری کیلئے پر امید ہے۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بجٹ باآسانی منظور ہوجائے گا۔

ملک کی معاشی صورتحال کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم مشکل حالات میں ملک چلا رہے ہیں۔ ابھی 3 سال پورے ہونے میں 2 ماہ باقی ہیں۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ ان 2 ماہ میں مزید بہتری آئے گی۔ صرف مہنگائی کا چیلنج رہ گیا ہے جس پر آہستہ آہستہ قابو پا لیں گے۔ حکومت اداروں میں اصلاحات کے ایجنڈے پر کاربند ہے۔

گزشتہ شب وزیرِ اعظم ہاؤس میں بجٹ کی منظوری سے قبل حکومتی اور اتحادی اراکینِ قومی اسمبلی کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا تاہم طارق بشیر چیمہ سمیت ق لیگی اراکین شریک نہیں ہوئے۔

عشائیے میں وزیرِ اعظم عمران خان نے بجٹ کی منظوری سے متعلق گفتگو کی۔ اس موقعے پر وزیرِ اعظم نے غیر حاضر اراکین کی تفصیلات بھی طلب کر لیں۔

عامر ڈوگر کو ایوان میں اراکین کی حاضری یقینی بنانے کا ٹاسک سونپ دیا گیا۔ وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ اراکینِ اسمبلی کی زیادہ سے زیادہ حاضری سے بجٹ کی منظوری میں مدد ملے گی۔

خیال رہے کہ وفاقی بجٹ کو تاجر برادری نے بھی مثبت ردِ عمل سے نوازا۔ سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر عبدالہادی نے وفاقی بجٹ کو درست سمت میں پہلا قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے صنعتکار برادری کا دیرینہ مطالبہ تسلیم کر لیا ہے۔

رواں ماہ 12 جون کے روز گفتگو کرتے ہوئے سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر عبدالہادی نے کہا کہ بجٹ نے ایف بی آر حکام کے بے جا اختیارات کو کم کرنے کے دیرینہ مطالبے کو تسلیم کرتے ہوئے تاجر برادری کو ہراساں کرنے کا راستہ تقریباً بند کردیا ہے۔

مزید پڑھیں: صنعتکاروں نے بجٹ کو درست سمت میں پہلا قدم قرار دے دیا

Related Posts