جعلی اکاؤنٹس کیس، سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کا14 روزہ ریمانڈ منظور

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

جعلی اکاؤنٹس کیس، سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کا14 روزہ ریمانڈ منظور
جعلی بینک اکاونٹس کیس میں احتساب عدالت نے سابق ڈی جی پارکس کراچی لیاقت قائم خانی کو 14روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا، ہفتے کو عدالت نے ملزم کو 2 روزہ راہداری ریمانڈپر نیب کے حوالے کیا تھا۔

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

جعلی بینک اکاونٹس کیس میں احتساب عدالت نے سابق ڈی جی پارکس کراچی لیاقت قائم خانی کو 14روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا، ہفتے کو عدالت نے ملزم کو 2 روزہ راہداری ریمانڈپر نیب کے حوالے کیا تھا۔

سابق ڈی جی پارکس کراچی لیاقت قائم خانی کو احتساب عدالت اسلام آباد میں پیش کیاگیا، جج محمد بشیر نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت کی ، ، نیب نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی ۔

دوران سماعت نیب کے پراسیکیوٹر نے موقف اپنایا کہ لیاقت قائم خانی کو 18 ستمبر کو گرفتار کیا گیا تھا، ان پر  باغ ابن قاسم کی غیرقانونی الاٹمنٹ کاکیس ہے، باغ ابن قاسم کی زمین گلیکسی انٹرنیشنل کے قبضے میں غیر قانونی طور پر دی گئی، غیر قانونی طور پر اس زمین کو باغ سے ریکارڈ سے بھی باہر کیا گیا، صرف یہ ہی نہیں بلکہ ان کے گھر سے خزانہ بھی ملا ہے، پتہ کرنا ہے کہ ان کے پاس مال کہاں سے آیا لہذا ملزم کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

ملزم نے عدالت میں بیان دیا کہ شوگر کا مریض ہوں، پرہیزی کھانا کھاتا ہوں، ہر روز رات کو انسولین بھی لینا ہوتی ہے، زمین کی الاٹمنٹ پر ایک دستخط بھی نہیں کیے۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ ہم نے باغ ابن قاسم کی سیٹلائٹ تصویریں بھی لی ہیں، اِنہوں نے جان بوجھ کو 2005 میں باغ کا یہ ایریا چھوڑ دیا تھا۔

عدالت نے نیب حکام کی استدعا منظور کرتے ہوئے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر سابق ڈی جی پارکس کو نیب کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے سماعت 7 اکتوبر تک ملتوی کردی۔ اس سے قبل 21 ستمبر کو ملزم کا دو روزہ راہداری ریمانڈ منظور کیا گیا تھا۔

واضح رہے سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کو نیب راولپنڈی نے کراچی سے گرفتار کیا تھا، ملزم پر کراچی میں باغ ابن قاسم کی زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ اور کروڑوں کے غیر قانونی اثاثے بنانے کا الزام ہے۔

انسدادِ بدعنوانی کے ادارے نے سابق عہدیدار کے گھر سے کے ایم سی کا سرکاری ریکارڈ، 8 پرتعیش اور قیمتی گاڑیاں، جائیداد کی دستاویزات، زیورات اور جدید اسلحہ برآمد کیا تھا جبکہ لیاقت قائم خانی کے اثاثوں کی مالیت کا تخمیہ دس ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔

نیب کی جانب سے لیاقت قائم خانی کے خلاف مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، دوران تفتیش کئی اہم انکشافات  سامنے آئے،  لیاقت قائم خانی نے20 سال میں ایسے 71 پارکس بنائے، جو صرف کاغذات میں موجود ہیں، ملزم نے پارکس میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کے ناموں پر ایک ارب روپے ہڑپ کیے۔

Related Posts