ملک میں دوبارہ لاک ڈاؤن کا خدشہ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

پاکستان میں کورونا کیسز میں ایک بار پھراضافہ دیکھنے میں آرہا ہے اور ملک کے دیگر شہروں میں کورونا کیسز کی شرح 4 فیصد کے قریب جبکہ کراچی میں 11 فیصد سے تجاوز کرچکی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کاکہنا ہے کہ ملک میں کورونا کیسز میں کمی آتے آتے پھر اضافہ ہونا شروع ہوگیا جس سے کورونا کی چوتھی لہر کا خدشہ ہے،عوام نے احتیاط نہ کی تودوبارہ لاک ڈاؤن اورسخت فیصلوں کی طرف جاناپڑے گاجس سے غریب طبقے کا نقصان ہوتا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ کورونا اپنی ہیئت مسلسل تبدیل کرتا رہا ہے، پاکستان سمیت دنیا بھر کے لیے بڑا مسئلہ بھارت سے پھیلنے والا کورونا وائرس ہے۔ اگر ہم چوتھی لہر سے نکل گئے تو ملک کو تباہی سے بچالیں گے۔

اس وقت خطہ میں سب سے بڑا مسئلہ بھارت سے پھیلنے والا وائرس ہے جس نے بنگلہ دیش، افغانستان اور انڈونیشیا کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اورتشویش کی بات تو یہ ہے کہ پاکستان میں بھارتی وائرس ڈیلٹاپنجے گاڑنے لگاہے۔

ڈیلٹا وائرس درحقیقت انڈین وائرس ہے جو انتہائی خطرناک ہے۔ ڈیلٹا وائرس اورپاکستان میں پائے جانے والے وائرس کے دیگر ویرئیٹس کے متعلق حکمت عملی ترتیب دے دی گئی ہے،این سی او سی نے خبردار کیا کہ ڈیلٹا وائرس پرقابو پانےکیلئے احتیاطی تدابیراختیارنہ کیں توخطرناک نتائج کاسامناکرناپڑسکتاہے۔

ملک میں کورونا کی چوتھی لہر سے بچاؤ کیلئے عید پر غیر ضروری نقل و حرکت بندکرنیکا فیصلہ کیا گیا جبکہ حکومت نے یکم اگست سےویکسین سرٹیفکیٹ کے بغیر اندرون ملک فضائی سفر پر پابندی عائد کردی ہے، وفاقی حکومت نے متنبہ کیا ہے کہ ایس اوپیزپر عمل نہ کیا گیا تو سیر و سیاحت بند کردینگے۔

سندھ حکومت نے بھی بین الصوبائی اور بین الاضلاعی پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے والے شہریوں کیلئے کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ لازمی قرار دینے فیصلہ کیاہے۔

این سی او سی نے ہدایت کی کہ پرائیویٹ،کارپوریٹ سیکٹر، چھوٹی، درمیانی اور بڑی صنعتوں اور زراعت، میڈیا، وکلا، فیکٹری مزدور، مارکیٹ میں کام کرنے والوں کو 31 جولائی سے قبل ویکسین لگوائی جائے جبکہ ایس او پیز کا شدت سے نفاذ 9 سے 18 جولائی تک یقینی بنایا جائے گا، اس کے علاوہ عید پرغیرضروری نقل وحرکت محدودرکھنے کیلئے مختلف تجاویز زیر غورہیں اور ان تجاویز پر عملدرآمد کا فیصلہ کورونا کاپھیلاؤ مدنظر رکھ کرکیا جائے گا۔

پاکستان میں کورونا کیسز میں کمی کے بعد چند ہفتوں قبل معمولات زندگی بحال ہوئے تھے لیکن ملک میں کورونا کیسز میں اضافے کی وجہ سے حکومت نے دوبارہ لاک ڈاؤن کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔اس وقت عید کی آمد آمد ہے اور مارکیٹوں اور بازاروں اور مویشی منڈیوں میں رش بڑھ رہا ہے جس سے وباء زور پکڑ سکتی ہے۔

عوام کورونا سے بچاؤ کیلئے ویکسین لگوائیں اور جو شہری اب تک ویکسین نہیں لگواسکے وہ ایس او پیز پر لازمی عمل کریں اور عید سےقبل غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں تاکہ حکومت کو دوبارہ لاک ڈاؤن جیسا سخت فیصلہ نہ کرنا پڑے۔

Related Posts