ہمارا میئر آنے سے روکا گیا تو آپشن موجود ہیں، حافظ نعیم کا انتباہ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ اگر جماعت اسلامی کے میئر کو آنے سے زبردستی روکا گیا تو جماعت اسلامی کے پاس سارے آپشن موجود ہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ہمیں اس حق سے محروم نہ کیا جائے جس میں ہمیں اکثریت سے اقلیت میں بدلنے کی کوئی کوشش کی جائے، زبردستی کرنے کی کوشش کی تو ہمارے پاس زوردار احتجاج کا آپشن موجود ہے، ہمیں مجبور نہ کریں کہ ہم ایسا احتجاج کریں جس میں یہ پورا عمل ہی سوالیہ نشان بن جائے۔

یہ بھی پڑھیں:

ہندو انتہا پسندوں نے مذہبی میلے میں مسلم تاجروں کے بائیکاٹ کا بینر لگا دیا

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان اور چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کرتا ہوں کہ ہمیں حق دیا جائے، جو ریٹرننگ افسران ( آر اوز) بھی نتیجہ تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ان کے ہاتھ ابھی روکے جائیں، یہ کوئی طریقہ نہیں ہے کہ ہمارے پاس فارم 11 پر پورا رزلٹ موجود ہو اور آر او سے نتیجہ جاری ہو تو اس میں تبدیلی آجائے، اس کو بدل دیں گے تو ہم کہاں جائیں گے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ میں عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہمیں ووٹ دیا، آخری لمحے تک جب یہ ہورہا ہو کہ الیکشن نہیں ہورہا جبکہ یہ چار بار ملتوی ہوچکا ہو، ایسے میں عوام نے معقول تعداد میں نکل کر ووٹ ڈالے، تو اس نے ساری قوتوں کو مسترد کردیا جو چاہتے تھے کہ لوگ نہ نکلیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جس طرح کے حالات تھے، اس میں 10 فیصد لوگ بھی ووٹ ڈالتے تو بڑی بات تھی جبکہ 30 فیصد ووٹر لسٹوں میں کم از کم گڑبڑ موجود ہے کہ جو جہاں رہتا ہے وہاں اس کا ووٹ نہیں ہے، پہلے ہی اسکوپ کم تھا، اور جس طرح ابہام رکھا گیا میں سمجھتا ہوں کہ معقول تعداد میں لوگوں نے ووٹ ڈالا ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ جنہوں نے اپنی وابستگی اپنے جماعت سے اگر رکھی بھی ہے تو کراچی کی بہبود کے لئے جماعت اسلامی پر اعتماد کیا ہے، کراچی کی ترقی اور اپنے بچوں کے مستقبل کے لئے جماعت اسلامی پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا، اس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے ووٹرز اور سپورٹرز بھی ہیں، اس کے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی کے بہت سارے لوگوں نے ہمیں سپورٹ کیا ہے اور ووٹ دیا ہے، میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ اکثریت کو کم کرنے کی سازشیں ہو رہی ہیں، باقی سازشیں جس طرح ناکام ہوئی ہیں یہ سازش بھی ناکام ہوگی، تو پھر ہم سب کو ساتھ لے کر چلیں گے اور ہمارا یہ ساتھ ایک مضبوط رشتے میں تبدیل ہو جائے گا، یہ رشتہ کراچی کی تعمیر و ترقی کے لئے بھرپور کردار ادا کرے گا۔

Related Posts