گنڈاپور شہباز ملاقات، اچھی پیشرفت

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد اطمینان کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ  وزیر اعظم سے ملاقات مثبت رہی، انہوں نے تعاون کا یقین دلایا ہے۔

ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے درمیان ملاقات میں صوبہ خیبر پختونخوا کو فنڈز کی فراہمی اور چیف سیکریٹری کے تقرر پر بات چیت ہوئی اور دونوں رہنماؤں کے درمیان خوشگوار ماحول میں یہ ملاقات انجام پائی۔

ملاقات کے بعد وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کے ساتھ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نےکہا کہ وزیر اعظم سے تمام امور  پر مثبت انداز میں بات چیت ہوئی ہے۔

کے پی کے کے نو منتخب وزیر اعلیٰ کا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے ہے اور وہ اس جماعت کے معتوب اور مقید بانی جناب عمران خان کے قریبی معتمد ساتھیوں میں سے ہیں۔

حالیہ عام انتخابات کے نتیجے میں ملک میں شدید عدم استحکام اور سیاسی تقسیم کی فضا موجود ہے، جس میں پاکستان تحریک انصاف ایک اہم فریق کے طور پر موجود ہے اور اس جماعت کو انتخابی نتائج پر شدید تحفظات ہیں۔

پی ٹی آئی کے اہم رہنما کے طور پر انتخابی نتائج کے حوالے سے جناب علی امین گنڈا پور نے قبل ازیں سخت موقف اختیار کیا تھا۔ انہوں  نے گزشتہ ہفتے پشاور میں پی ٹی آئی ایک احتجاجی ریلی کی قیادت بھی کی تھی اور عندیہ دیا تھا کہ وہ انتخابی نتائج کے حوالے سے تحفظات دور ہونے تک وفاق کے ساتھ کوئی تعاون نہیں کریں گے۔

علی امین گنڈاپور کی سخت مزاجی کے باعث تجزیہ کاروں کا خیال تھا کہ صوبہ خیبر پختونخوا اور وفاق کے درمیان تناؤ کے باعث آنے والے دنوں میں ملک میں سیاسی عدم استحکام میں اضافہ ہوگا، تاہم اب اس ملاقات نے اس تاثر کی نفی کردی ہے۔

اس میں دو رائے نہیں کہ حالیہ الیکشن بہت سے حوالوں سے متنازع رہے ہیں، تاہم اس سے زیادہ سنگین حقیقت یہ ہے کہ ملک بدترین معاشی بحران اور سنگین سیاسی عدم استحکام کا سامنا کر رہا ہے، جس کا تقاضا یہ ہے کہ تمام فریق ماضی کی طرف دیکھنے کے بجائے مل کر آگے بڑھیں۔

وزیر اعلیٰ کے پی کے اور وزیر اعظم کی اس ملاقات سے امید ہے کہ اس کے نتیجے میں سیاسی تناؤ میں کچھ کمی آئے گی، تاہم اس کیلئے ضروری ہے کہ حکومت سیاسی انتقام کے تاثر کو عملی اقدامات کے ذریعے زائل کرے تاکہ ملک میں ہم آہنگی کا ماحول پروان چڑھ سکے۔

Related Posts