کورونا وبا میں معاشی مضمرات سے نمٹنا ایک بڑا چیلنج ہے، شاہ محمود قریشی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کورونا وبا میں معاشی مضمرات سے نمٹنا ایک بڑا چیلنج ہے، شاہ محمود قریشی
کورونا وبا میں معاشی مضمرات سے نمٹنا ایک بڑا چیلنج ہے، شاہ محمود قریشی

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ کورونا وبا نے دنیا کی مضبوط اور طاقتور معیشتوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کیلئے ان معاشی مضمرات سے نمٹنا ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیرصدارت کورونا وبائی صورتحال، معاشی سفارت کاری اور علاقائی سلامتی کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران کورونا وبائی چیلنج کے معاشی مضمرات، قومی سلامتی ، علاقائی استحکام اور خطے کی صورتحال کے حوالے سے بھی تفصیلی مشاورت کی گئی۔

مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم نے اسی تناظر میں اپنی جغرافیائی سیاسی ترجیحات کو جغرافیائی معاشی ترجیحات سے بدل دیا ہے۔ ہم ان چیلنجز سے نمٹنے کیلئے، معاشی سفارت کاری ، علاقائی روابط کے فروغ کی پالیسیوں پر گامزن ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خطے میں دیرپا اور مستقل قیام امن کیلئے عالمی برادری کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ انسانی حقوق کے علمبردار ممالک کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو رکوانے اور نہتے کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے کیلئے کاوشیں بروئے کار لانا ہوں گی۔

وزیر خارجہ نےکہا کہ پاکستان، افغانستان میں دیرپا قیام عمل کیلئے، افغانیوں کو قابلِ قبول وسیع اور جامع سیاسی مذاکرات کا حامی ہے۔ پاکستان، افغان امن عمل سمیت خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔

وزیر خارجہ نے شرکاء اجلاس کو اپنے حالیہ دورہ جرمنی کے دوران موثر جرمن کمپنیوں کے سربراہان اور کاروباری شخصیات سے ہونیوالی سود مند ملاقاتوں سے آگاہ کیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے فوڈ سیکورٹی سید فخر امام، وفاقی وزیر برائے خزانہ حماد اظہر، ،وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی برائے سمندرپار پاکستانی سید ذوالفقار عباس بخاری، معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف، مشیر موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم ،معاون خصوصی برائے پاور تابش گوہر، چیرمین بی او آئی عاطف بخاری، وفاقی سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی شعیب احمد صدیقی، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور اعلیٰ عسکری و سول حکام نے شرکت کی۔

Related Posts