اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے حجاج کرام کی جانب سے جمع کروائی رقم پر بینکوں سے سود لینے کا انکشاف کیا ہے۔
قومی اسمبلی میں وفقہ سوالات میں جمع کروائے گئے تحریری جواب میں وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے بتایا کہ گزشتہ برس 3لاکھ 74 ہزار 8 سو 57 پاکستانیوں نے حج درخواستیں جمع کروائیں تھیں جس پر ایک سو 6 ارب 41 کروڑ روپے سے زائد رقم جمع ہوئی تھی۔
تحریری جواب میں بتایا گیا کہ حجاج کی جانب سے جمع کروائی گئی رقم پر سال 2018 میں 21 کروڑ روپے سے زائد سود حاصل کیا ہوا اور گزشتہ 5 برس میں ایک ارب 17 کروڑ روپے سود حاصل ہوا۔
جواب میں بتایا گیا کہ 2017 میں 3 لاکھ 38 ہزار 6 سو 96 نے حج درخواستیں جمع کروائیں تھیں جن سے 95 ارب 96 کروڑ 90 لاکھ سے زائد رقم جمع ہوئی تھی اور اس رقم پر 13 کروڑ 80 لاکھ 99 ہزار 8 سو 48 روپے سود حاصل کیا گیا تھا۔
اس میں مزید بتایا گیا کہ 2016 میں 2 لاکھ 80 ہزار 6 سو 17 افراد نے حج کی درخواستیں جمع کروائیں جن سے 76 ارب 86 کروڑ سے زائد رقم جمع ہوئی اور اس پر 26 کروڑ 5 لاکھ 85 ہزار 2 سو 72 روپے سود حاصل کیا گیا۔
مزید پڑھیں: بھارت میں مسلم تارکینِ وطن کو شہریت نہ دینے کا بل لوک سبھا نے منظور کر لیا