چترال پولیس نے چھ گدھے تھانے میں بند کردیے، عدالت میں بھی پیش کرنے کا فیصلہ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر چترال کی تحصیل دروش میں ضلعی انتظامیہ نے ٹمبر مافیا کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے چھ گدھوں کو تحویل میں لیکر تھانے منتقل کر دیا جبکہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
تحصیل دروش میں ضلعی انتظامیہ نے لکڑیوں کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں تیز کی ہیں۔ منگل کی شب اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں دروش گول کے مقام پر برساتی نالے میں کارروائی کی گئی۔
ضلعی انتظامیہ اور فارسٹ اہلکار کے پہنچتے ہی لکڑیاں کاٹنے والے ملزمان بھاگنے میں کامیاب ہو گئے تاہم اُن کے تین گدھے وہیں رہ گئے جن کو حکام نے تحویل میں لے کر تھانے منتقل کیا۔
اسسٹنٹ کمشنر دروش توصیف اللہ نے بتایا کہ اس سے پہلے بھی کارروائی میں ایک ملزم سمیت تین گدھے پکڑے گئے تھے۔ ’گزشتہ رات بھی  ہمیں اطلاع ملی کہ گدھوں پر لکڑیوں کے سلیپرز لاد کر دوسرے گاؤں سمگل کیا جا رہا ہے۔‘
اسسٹنٹ کمشنر دروش کا کہنا تھا کہ ’ہمارے پہنچتے ہی ملزمان جنگل میں فرار ہو گئے تاہم ان کے ساتھ موجود گدھے تحویل میں لے لیے گئے۔‘
ٹمبر مافیا کے کارندے برساتی نالوں میں گدھوں کے استعمال سے لکڑیاں دوسری جگہ منتقل کرتے ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر توصیف اللہ کا کہنا تھا کہ محکمہ فارسٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 6 گدھوں کو عدالت میں پیش کرے۔ 
ضلعی انتظامیہ دروش  کے مطابق ٹمبر مافیا کے خلاف گھیرا تنگ کیا گیا ہے اور محکمہ فارسٹ کے اہلکار ان کی تمام گزرگاہوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

Related Posts