مریم نواز کیلئے چیلنجز اور مواقع

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

 مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے پیر کو پاکستان کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ بن کر تاریخ رقم کردی۔ اگرچہ یہ کامیابی ایک اہم سنگ میل کی نشاندہی کرتی ہے، لیکن اس کامیابی کا صحیح پیمانہ ان کی حکومتی کارکردگی سے طے ہوگا۔

پنجاب پاکستان کا سب سے زیادہ آبادی والا صوبہ ہے، یہ ایک منفرد خصوصیت ہے کہ ملک کی مجموعی طور پر 240 ملین آبادی میں سے نصف سے زیادہ کا مسکن پنجاب ہے۔ مریم نواز اپنے چچا شہباز شریف کے نقش قدم پر گامزن ہیں جو ماضی میں وزیر اعلیٰ پنجاب رہ چکے ہیں۔ ان کے دور حکومت میں پنجاب میں موثر انتظامیہ کی ایک قابل ستائش مثال قائم ہوئی اور خاص طور پر دارالحکومت لاہور میں کئی میگا پراجیکٹس ریکارڈ رفتار میں پایہ تکمیل کو پہنچے۔

پاکستان کو معاشی طور پر سخت چیلنجنگ حالات کا سامنا ہے، یہ صورتحال مریم نواز کی کارکردگی اور صلاحیتوں کیلئے آزمائش کے حامل ہوگی۔ اس منظر نامے میں بطور وزیر اعلیٰ سرکاری اداروں، خاص طور پر براہ راست عوامی خدمت پر مامور اداروں کی کارکردگی میں بہتری ان کی بڑی کامیابی شمار ہوگی۔

اصلاحات کے لیے ایک اہم شعبہ پولیس کا نظام ہے۔ مریم نواز کے پاس انتظامی اقدامات کے ذریعے محکمہ پولیس میں مثبت تبدیلی لانے کا موقع ہے، تاکہ یہ محکمہ حقیقی معنی میں عوام کو تحفظ فراہم کرسکے۔ پولیس میں اصلاحات کے ذریعے عوام کے اندر اس محکمے پر اعتماد اور اطمینان کو بحال کیا جا سکتا ہے۔

سرکاری ہسپتالوں کا قبلہ درست کرنا بھی ایک اور اہم چیلنج ہے۔ خاطر خواہ بجٹ ہونے کے باوجود یہ ادارے ناقص انتظام اور کرپشن کے باعث عوام کو سہولت فراہم کرنے سے قاصر ہیں۔ سرکاری اسپتالوں کی یہ صورتحال عوام کو مہنگے نجی اسپتالوں کا رخ کرنے پر مجبور کر دیتی ہے۔ اپنی افتتاحی تقریر میں مریم نے سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے، یہ وعدہ انہیں پوری تندہی سے پورا کرنا چاہیے۔

بدعنوانی کا شکار محکمہ لینڈ بھی فوری توجہ کا متقاضی ہے۔ مریم کے پاس اصلاحات اور متعلقہ دفاتر کو کرپشن سے پاک کرنے کا اچھا موقع ہے، جس سے عوام کو ریلیف ملے گا۔ اسی طرح محکمہ تعلیم میں بہتری کی ضرورت ہے اور مریم نواز موثر گورننس کے ذریعے کوئی بڑا پیسہ خرچ کیے بغیر یہ ہدف حاصل کر سکتی ہیں۔

ان ضروری محکموں میں اصلاحات کو ترجیح دے کر مریم نواز عوام کے دل جیت سکتی ہیں اور ممکنہ طور پر پنجاب کی تاریخ کے کامیاب ترین وزرائے اعلیٰ میں سے ایک بن سکتی ہیں۔ مسائل کے حل کی کلید وسیع مالی وسائل نہیں ہیں، بلکہ موثر حکمت عملی اور اچھی گورننس کے ذریعے بھی مسائل حل کرکے عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکتا ہے۔

Related Posts