کراچی:ایف پی سی سی آئی کی پاکستان ترک جوائنٹ بزنس کونسل کے چیئرمین امجد رفیع نے این ایل سی کے اس اقدام کا پرتپاک خیرمقدم کیا ہے اور اسے سراہا ہے۔
امجد رفیع نے کہا ہےکہ اس اقدام سے نا صرف شپمنٹ کا وقت بچے گا بلکہ مال برداری کی قیمت بھی کم ہو جائے گی جو فی الحال سمندر کے ذریعے پانچ گنا سے زیادہ بڑھ چکی ہے۔ یہ تمام مشترکہ اجلاسوں اور دیگر متعلقہ فورمز میں PTJBC کی ایک طویل عرصے سے التواء کا شکارسفارش تھی۔
امجد رفیع نے مزید کہا کہ اگر یہ کامیاب ہوتا ہے تو طویل مدتی عرصے کے لیے نہ صرف CIS ممالک اور یورپ بھی زمینی راستے سے قابل رسائی ہوگا۔
واضح رہے کہ استنبول،تہران، اسلام آباد (ITI) روڈ کوریڈور کو نیشنل لاجسٹک سیل (NLC) کی جانب سے بحال کیا جا رہا ہے تاکہ پاکستان سے ترکی میں اعلیٰ قیمت کی مصنوعات کی ترسیل کے ذریعے تجارتی روابط کو مستحکم کرنے کا عمل انجام دیا جا سکے۔
اسITI روڈ کوریڈور کی بحالی سے ایران اور ترکی کے ساتھ پاکستان کا علاقائی رابطہ بہتر اور مضبوط ہوگا۔NLC تین ٹریلرز پر 40 فٹ کنٹینرز میں بھری اعلی قیمت والی مصنوعات کو اسلام آباد سے استنبول تافتان، زاہدان اور تہران کے راستے لے جانے کے لیے اچھی طرح سے تیار ہے۔ITI روڈ کوریڈور کو بحال کرنے والی یہ پہلی تجارتی روڈ ہوگی۔
ان اقدامات کے تحت اعلیٰ قیمت کی مصنوعات کو پیک کیا جاتا ہے اور مناسب طریقے سے سیل کیا جاتا ہے اور عام طور پر کنٹینرز کے ذریعے ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچایا جاتا ہے تاکہ وصول کنندگان کو ان کی محفوظ ترسیل کو یقینی بنایا جا سکے۔
مزید پڑھیں:مانیٹری پالیسی سروے پالیسی ریٹ میں کمی تجویز کرتا ہے، ایف پی سی سی آئی