خیبر پختونخوا میں بارش، حادثات کے دوران 8افراد جاں بحق ہوگئے

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

(فوٹو: آن لائن)

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا میں بارش کے دوران ہونے والے مختلف حادثات کے نتیجے میں 8افراد جاں بحق ہوگئے ہیں، پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد میں 1 خاتون اور 4 بچے شامل ہیں۔

نجی ٹی وی (ڈان نیوز) کی رپورٹ کے مطابق بارش کے دوران حادثات میں 8افراد جاں بحق جبکہ 12 زخمی ہوئے جبکہ بارش کے باعث 15 گھر مکمل طور پر تباہ ہوئے جبکہ 70کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔ حادثات دیر، چترال، سوات، مالاکنڈ، مہمند، مانسہرہ اور شانگلہ میں ہوئے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے حادثات سے متاثرہ خاندانوں کو فوری طبی امداد اور زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ حادثات کا شکار اضلاع میں متاثرین کو امدادی سامان فراہم کیا گیا ہے، مزید کارروائی جاری ہے۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال کردیا گیا۔ خیبر پختونخوا کے عوام کو بارش کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں 1700 پر اطلاع دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ شاہراہوں پر ٹریفک کی بحالی کیلئے متعلقہ اداروں کو ہدایات دے دی گئی ہیں۔

دریں اثناء دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 98،600کیوسک اور درمیانے درجے کا سیلاب ہے، ورسک کے مقام پر پانی کا بہاؤ 41 ہزار 832 کیوسک اور نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے سندھ اور خیر آباد میں پانی کا بہاؤ 1لاکھ 32 ہزار 500کیوسک ہے۔

اسی طرح دریائے سوات میں خوازہ خیلہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 30 ہزار 184 کیوسک ہے، چکدرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 27 ہزار 721 کیوسک اور نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے سوات میں منڈا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 80 ہزار کیوسک اور اونچے درجے کا سیلاب ہے۔

Related Posts