پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار شہریار منور نے کہا ہے کہ میرے پہلے ڈرامہ سیریل زندگی گلزار ہے کے دوران سینئر فنکار فواد خان کا رویہ میرے ساتھ سخت رہا۔
تفصیلات کے مطابق اپنے حالیہ انٹرویو کے دوران پہلی سی محبت نامی ڈرامے میں کردار نبھانے والے اداکار شہریار منور نے کہا کہ پہلی بار ڈرامہ سیریل کرنے کے بعد سے لے کر اب تک بہت کچھ سیکھنے کو ملا جبکہ زندگی گلزار ہے سے قبل اداکار فواد خان ہم سفر نامی ڈرامے سے کافی شہرت حاصل کرچکے تھے۔
اداکار شہریار منور نے کہا کہ فواد خان کا رویہ میرے ساتھ سخت رہا اور میں ابھی اداکاری کے میدان میں نیا تھا۔ میں ڈرامے کے ڈائریکٹر کا قریبی رشتہ دار تھا۔ فواد خان جس طرح ٹی وی پر نظر آتے ہیں، ان کا رویہ اس کے برعکس میرے ساتھ سخت تھا۔آج کل میرے اور فواد خان کے درمیان تعلقات بہت اچھے ہیں۔
شہریار منور نے کہا کہ میں فواد خان کی ایک سینئر اداکار کی حیثیت سے عزت کرتا ہوں تاہم زندگی گلزار میں میرا کام کرنے کا تجربہ خوفناک تھا اور جو اداکاری اس ڈرامہ سیریل میں سرزد ہوئی، وہ میری بد ترین کارکردگی کہی جاسکتی ہے اور ایسا کسی سکھانے والے کی غیر موجودگی کے باعث ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ساتھی اداکار بھی میرے لیے زیادہ معاون ثابت نہیں ہوسکے کیونکہ میں اس وقت محض ایک طالبِ علم تھا جب مجھے زندگی گلزار ہے نامی ڈرامے میں اسامہ کا کردار ادا کرنے کیلئے ملا۔ میں حقیقی زندگی کے متعلق بھی کچھ نہیں جانتا تھا۔ کسی نے کردار سمجھنا یا ڈائیلاگ بولنا نہیں سکھایا۔
یہ بھی پڑھیں: تھپڑ کے جواب میں مکا،فاطمہ ثناء شیخ نے مداحوں کو حقیقت سے آگاہ کردیا