لاہور کی احتساب عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف اور صاحبزادے حمزہ شہباز کو رمضان شوگر ملز کیس سے بری کردیا ہے، سابق وزرائے اعلیٰ پنجاب کے متعلق یہ فیصلہ احتساب عدالت کے جج سردار محمد اقبال ڈوگر نے سنایا جو 3 روز قبل محفوظ کیا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف اور صاحبزادے حمزہ شہباز کو رمضان شوگر ملز کیس سے بری کرتے ہوئے 18فرروری 2019 کو قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے دائر دعووں کو جھوٹا قرار دے دیا ہے جن میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے رمضان شوگر ملز کیلئے قومی خزانے سے کروڑوں کی خوردبرد کی ہے۔
مقدمے میں نیب کا الزام تھا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے اپنے عہدوں کا ناجائز فائدہ اٹھایا، منصوبے کیلئے گندے نالے کی تعمیرات کی منظوری دی، تاہم شہباز شریف اور صاحبزادے حمزہ شہباز کے وکیل امجد پرویز نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نالے کی تعمیر کی منظوری صوبائی کابینہ نے دی، اس سے قبل بھی شہباز شریف اور حمزہ شہباز کیس کو سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا قرار دے چکے ہیں۔
وکیل کا کہنا تھا کہ نالے کی تعمیر سے رمضان شوگر ملز کے علاوہ علاقے کے گاؤں بھی فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ 28 جنوری کو مقدمے کے مدعی ذوالفقار علی نے رمضان شوگر ملز ریفرنس سے لاتعلقی کا اظہار کیا جس کے نتیجے میں کیس کمزور ہوگیا۔ کیس کا فیصلہ آج سے 3 روز قبل 3 فروری کو ہوا تھا، جسے محفوظ کرنے کے بعد آج سنایا گیا ہے۔