پاکستان ریلوے نے ٹرینوں کے کرائے میں اضافہ کردیا ہے۔ کرائے میں اضافے کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ کرائے میں اضافے کے باعث مسافروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے نے ٹرینوں میں کرائے کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اکانومی سمیت تمام کلاس کے ٹکٹس کے کرائے میں 5فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ قیمتوں میں اضافے کا اطلاق آؤٹ سورس ٹرینوں پر بھی ہوگا۔ یہ اضافہ 5 فروری 2025 سے نافذ العمل ہوگا۔
بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق ریلوے حکام کے مطابق کرائے میں اضافے کی وجہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔ ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کی وجہ سے ریلوے کو اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے کرائے میں اضافہ کرنا پڑا ہے۔ تاہم مسافروں نے اس اضافے پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
کچھ مسافروں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے موجودہ دور میں یہ اضافی بوجھ ہے، جبکہ کچھ کا یہ بھی ماننا ہے کہ اگر کرائے میں اضافہ کیا جا رہا ہے تو ریلوے کی سروسز میں بھی بہتری آنی چاہیے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کرائے میں اضافے کے ساتھ سروسز کو بہتر بنانے کے لیے کام جاری ہے تاکہ مسافروں کو بہتر سہولت فراہم کی جا سکے۔
تاہم کچھ مسافروں کا کہنا ہے کہ انہیں پچھلے کرائے کے مقابلے میں کوئی نمایاں تبدیلیاں یا بہتری نظر نہیں آئی۔ ماضی میں بھی ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے کرایوں میں اضافہ کیا یگا، لیکن پاکستان ریلوے کی سروسز میں اتنی تبدیلیاں نہیں آئیں جو ان اضافوں کو جواز فراہم کر سکیں۔