پاکستان مرکزی مسلم لیگ سندھ کے صدر فیصل ندیم نے کہا ہے کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی پر خاموش نہیں رہیں گے۔ وزیر اعظم شہباز شریف جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشمیریوں کی تحریک آزادی کا ساتھ دیں۔ خطے میں انڈیا کی شکست کا آغاز ہوچکا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرٹس کونسل سے کراچی پریس کلب تک یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریلی میں شہر بھر سے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکا نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اور بھارتی مظالم کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔
ریلی سے پاکستان مرکزی مسلم کے صوبائی و ڈویژنل رہنماؤں سجاد حسین اعوان، انجینئر نعمان علی، شہباز عبدالجبار، مہدی اسحاق، محبوب علی اور بلال حیدر نے بھی خطاب کیا۔
صوبائی صدر فیصل ندیم نے کہا ہے کہ جب سے مودی حکومت وجود میں آئی انڈیا میں اقلیتوں کا استحصال کیا جا رہا ہے۔ نریندر مودی کی حکومت کا زوال شروع ہو چکا ہے۔ ڈھاکہ میں انڈیا کو شکست مل چکی ہے۔ کشمیری جرات کے ساتھ میدان میں کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی قوانین کشمیریوں کو اپنی آزادی کے لیے جدوجہد کرنے کا حق دیتے ہیں۔ آزاد کشمیر کے وزیر اعظم اگر کشمیریوں کی تحریک کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں تو پوری قوم ان کا ساتھ دے گی۔ ہم اپنی شہ رگ کو بھارت سے چھڑوا کر رہیں گے۔ ہم وزیر اعظم سے کہنا چاہتے ہیں کہ کشمیریوں کے ساتھ جرات کے ساتھ کھڑے ہوجائیں۔
فیصل ندیم نے کہا کہ بتایا جائے کہ اقوام متحدہ کے وجود کا مقصد کیا ہے؟ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی پر خاموش نہیں رہیں گے۔ کشمیری لیڈر شپ مسلسل بھارت کی جیلوں میں قید ہیں۔ کشمیریوں کے جذبوں کو کبھی قید نہیں کیا جاسکتا۔ کشمیریوں کے ساتھ ہمارا رشتہ قائم تھا اور رہے گا۔
صوبائی نائب صدر سجاد حسین اعوان نے کہا کہ ہم نے کشمیر کی آزادی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا جائے۔
کراچی ڈویژن کے نائب صدر انجینئر نعمان علی نے کہا کہ ہم مودی کو بتانا چاہتے ہیں کہ خطے کے بدلتے حالات دیکھ لیں۔ انڈیا کی سازشیں دم توڑ رہی ہیں ۔ کشمیریوں کے ساتھ ہمارا تعلق اسلام کی نسبت سے ہے۔ ہم کشمیریوں کو کسی سطح پر فراموش نہیں کریں گے۔