کراچی بینالے: آرٹ اور ٹیکنالوجی کے ملاپ سے تخلیقی صلاحیتیں بیدار کرنے کی بہترین نرسری

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

آرٹ اور ٹیکنالوجی کا امتزاج بروئے کار لاکر اپنے اندر تخلیقی صلاحیتیں پیدا کرنے کا پیغام لیے کراچی بینالے شہر قائد کے نو مقامات پر اکتیس اکتوبر سے گیارہ نومبر تک زیر انعقاد ہے۔

اس شاندار نمائش میں تیرہ ممالک کے فن کار اور ہنر مند اپنے اپنے فن پارے اور ٹیکنالوجی کے تخلیقی نمونے پیش کریں گے اور نوجوانوں کو آرٹ اور ٹیکنالوجی کے امتزاج سے اپنے ہنر کو جدت بخشنے کی رہنمائی فراہم کریں گے۔

اس نمائش میں 28 پروجیکٹس ہوں گے، جن میں ورچول ریئالٹی، مصنوعی ذہانت، سینسر اور ہلکی تخلیقی کمپیوٹنگ شامل ہیں، ایم ایم نیوز نے اس نمائش کے ٹرسٹیز سے ملاقات اور یہاں کا مشاہدہ کرکے نمائش کی سرگرمیوں کا احوال جاننے کی کوشش کی تو بتایا گیا کہ اس مرتبہ کی نمائش کی تھیم آرٹ اور ٹیکنالوجی ہے، دنیا بھر میں آرٹ تبدیل ہو رہا ہے، ٹیکنالوجی کا جادو آرٹ میں بھی سر چڑھ کر بول رہا ہے، اور آرٹسٹ اپنے فن کو ٹیکنالوجی کا ٹچ دے کر اسمارٹ انداز میں دنیا کے سامنے پیش کر رہے ہیں۔

بینالے کے ٹرسٹیز نے بتایا کہ اس نمائش کا مقصد پاکستان کے نوجوانوں کو ان کی صلاحیتوں کے مطابق اور ان کی دلچسپی کے شعبوں میں ٹیکنالوجی سے استفادے کا شعور دینا ہے اور انہیں بتانا ہے کہ کس طرح ٹیکنالوجی کے استعمال سے ہم اپنی صلاحیتوں کو بڑے خوبصورت انداز میں سامنے لاکر ترقی کر سکتے ہیں۔

بینالے میں دنیا کے تیرہ ملکوں کے ساتھ پاکستان کے مختلف شہروں اسلام آباد اور لاہور سے بھی آرٹسٹ حصہ لے رہے ہیں، بینالے میں ہنر دکھانے کا طریق کار یہ ہے کہ ہر آرٹسٹ نمائش کے اندر ہی سب کے سامنے اپنے فن کا مظاہرہ کرے گا اور اپنی تخلیق سامنے لائے گا۔

بینالے کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ اس کے متنظمین پاکستانی نوجوانوں کو ہنر سکھانے اور روزگار کا وسیلہ فراہم کرنے کے جذبے سے سرشار ہیں، یہی وجہ ہے کہ بینالے میں ہر خاص و عام کو بغیر کسی چارجز اور فیس کے انٹری کی اجازت ہے۔  اس کے علاوہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے شہر کے نو مقامات پر اس نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔

بینالے کے ٹرسٹیز نے بتایا کہ پاکستان کے نوجوانوں میں ٹیکنالوجی کے استعمال کی شرح بہت زیادہ ہے، مگر اس بات کی ضرورت ہے کہ انہیں ٹیکنالوجی سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے نت نئے آئیڈیاز کی طرف رہنمائی کی جائے۔

بینالے مقررہ مدت تک صبح ساڑھے دس بجے سے شام پانچ بجے تک جاری رہے گا۔ منتظمین نے بتایا کہ زیادہ سے زیادہ عوام کو فائدہ پہنچانے کیلئے ویک اینڈ پر بھی بینالے کی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔

منتظمین نے بتایا کہ بینالے کا مطلب ہی یہ ہے کہ آرٹ عوام میں ہو، یہی وجہ ہے کہ ہم نے اس نمائش کیلئے کسی قسم کی فیس اور چارجز نہیں رکھے۔ نہ ہی یہاں خرید و فروخت کی کوئی بھی سرگرمی ہوگی۔ فنکار اپنا فن پیش کریں گے اور نوجوان انہیں دیکھ کر سیکھنے کی کوشش کریں گے۔،

انہوں نے بتایا کہ تھرڈ بینالے میں نوجوانوں پر بطور خاص فوکس کیا گیا ہے، نوجوانوں کے سیکھنے اور آرٹ اور ٹیکنالوجی کو یکجا کرکے اپنی صلاحیتوں میں نکھار لانے کیلئے مختلف پروگرامز رکھے گئے ہیں، جن سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو خوبصورت انداز اور نئے آئیڈیاز کے ساتھ پیش کرنے کا حوصلہ ملے گا۔

Related Posts