وزیراعظم کی پوری قوم اور ملت اسلامیہ کو رمضان کی مبارکباد

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

وزیراعظم کی پوری قوم اور ملت اسلامیہ کو رمضان کی مبارکباد
وزیراعظم کی پوری قوم اور ملت اسلامیہ کو رمضان کی مبارکباد

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد: رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا ، وزیراعظم عمران خان نے پوری قوم اور ملت اسلامیہ کو رمضان کی مبارک باد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اللہ تعالی کا فضل وکرم ہے کہ اس نے ہمیں ایک مرتبہ پھر رمضان المبارک کے  فیوض و برکات سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کیا ہے۔

رمضان کی آمد پر قوم نے نام پیغام میں وزیراعظم نے کہا ہے کہ روزے کا مقصد انسان کے اندر پرہیزگاری اور ایثار و ہمدردی کے جذبات پیدا کرنا ہے۔ روزے کی حالت میں بندہ اللہ تعالی کے حکم کی اطاعت کرتے ہوئے ہر اس چیز سے اپنے آپ کو روک لیتا ہے جو عام دنوں میں اس کے لیے جائز ہوتی ہیں۔ اس طرح بندے میں پرہیزگاری اور تقوی  پیدا ہوتا ہے۔ نیز روزے کی حالت میں بھوک وپیاس کو برداشت کرنے سے دوسروں کا احساس اور ہمدردی کے جذبات فروغ پاتے ہیں۔

عزیز ہم وطنو!

اس وقت عالم انسانیت کورونا وائرس کی تباہ کاریوں سے دو چار ہے۔ گذشتہ رمضان المبارک میں پاکستانی قوم نے جس طرح ایس او پیز پر عمل کیا اور اس وبا کے پھیلاؤ کو ہر ممکن حد تک روکا وہ قابل ستائش ہے۔ اس سال بھی علماء و مشائخ کی مشاورت سے رمضان المبارک میں نماز تراویح اور اعتکاف سے متعلق جن ایس او پیز پر اتفاق کیا گیا ہے رمضان المبارک میں ان پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہم سب کی انفرادی اور اجتماعی ذمہ داری ہے۔ ہمیں اس نازک صورتحال کا مقابلہ متحد ہو کر کرنا ہے۔

رمضان المبارک کے اس با برکت مہینے میں ایثار اور ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہمیں ضرورت مندوں کا خصوصی خیال رکھنا ہے اور ناجائز منافع خوری و ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کی نشاندہی اور حوصلہ شکنی کرنی ہے ۔

 ان مبارک گھڑیوں میں اللہ تعالی کے حضور دعا کرنی ہے کہ اللہ تعالی اپنا خصوصی فضل و کرم فرماتے ہوئے سارے عالم کو اس آزمائش سے نکالے۔ اللہ تعالی پاکستانی قوم کی مدد فرمائے اور ہمیں آزمائش کی اس گھڑی میں صبر وتحمل کے ساتھ کامیابی عطا فرمائے۔ آمین۔

پاکستان پائندہ باد۔

یہ بھی پڑھیں : شرپسندوں کو امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے، وزیراعظم عمران خان

Related Posts