عمران خان سے توشہ خانہ کی گھڑی خریدنے والا شخص سامنے آگیا، ہوشربا انکشافات

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

سابق وزیراعظم عمران خان کو سعودی ولی عہد سے ملنے والے قیمتی تحائف خریدنے والے دبئی کی کاروباری شخصیت عمر فاروق تحائف کے ساتھ سامنے آگئے۔

عمر فاروق کا کہنا ہے کہ عمران خان نے سعودی ولی عہد سے ملنے والی قیمتی گھڑی دبئی میں فرح خان کے ذریعے بیچی، پانچ سے چھ ملین ڈالر کی گھڑی دو ملین ڈالر میں فروخت کردی گئی۔

گھڑی کے خریدار کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے مشیر احتساب شہزاد اکبر نے مجھ سے رابطہ کیا اور فرح خان گھڑی لے کرآئیں، میں نے گھڑی ساز کمپنی سے تصدیق کرائی تو ان کا کہنا تھا کہ 5 سے 6 ملین ڈالر میں مل جائے تو اچھی ڈیل ہے تاہم انہوں نے میرے ساتھ 2 ملین ڈالر میں ڈیل کی۔

یہ بھی پڑھیں:

فلم ”کچھ کچھ ہوتا ہے“کی ننھی اداکارہ دیکھنے میں اب کیسی ہیں؟

عمر فاروق کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دورے کے دوران سعودی ولی عہد نے انہیں تحائف دیے، انہوں نے یہ توشہ خانہ میں جمع کرائی اور پھر وہاں سے دبئی لے آئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہزاد اکبر نے رابطہ کرکے بتایا کہ ہمارے پاس گھڑیوں کا اچھا سیٹ ہے اور فرح گوگی دبئی آکر آپ کو گھڑی دکھائیں گی۔ عمر فاروق کا کہنا تھا کہ فرح گوگی میرے دفتر آئیں اور مجھے گھڑیاں دکھائیں۔ انہوں نے دبئی میں ساڑھے 7 ملین درہم بطور کیش ادا کیے۔

عمر فاروق کا کہنا تھا کہ یہ گراف سے بنا دنیا میں واحد سیٹ ہے جو کعبہ کا ایڈیشن ہے، سیٹ میں ایک گھڑی، ایک پین،2 کف لنکس اور ہیرے کی انگوٹھی ہے۔

کاروباری شخصیت عمر فاروق کے مطابق گھڑیاں خریدنے کے بعد ان سے مختلف فرمائشیں کی جاتی رہیں اور انکار کرنے پر ان کے خلاف پرانے کیسز کھولے گئے۔ شہزاداکبر میرے خلاف کارروائی کا معاملہ کابینہ لے کر گئے۔ جس کی عمران خان نے منظوری دی۔

عمر فاروق کا کہنا تھا کہ مجھے پاکستان لانے کیلئے پوری ریاستی مشینری کا استعمال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کیس میں شواہد دینے کیلئے پاکستان آنے کو تیار ہوں۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ توشہ خانہ کے ریکارڈ کے مطابق قلم، انگوٹھی اور کف لنکس کے ساتھ گراف گھڑی سیٹ ستمبر 2018 میں عمران کو ان کے دورہ سعودی عرب کے دوران تحفے میں دی گئی تھی۔

ریکارڈ سے پتہ چلتا ہے کہ پورے سیٹ کی قیمت تقریباً 100.92 ملین روپے بتائی گئی تھی جس میں سے صرف گھڑی کی قیمت تقریباً 85 ملین روپے بتائی گئی۔

دستاویزات کے مطابق کف لنکس کے جوڑے کی قیمت 5.67 ملین روپے، قلم کی قیمت 15 لاکھ روپے اور سونے اور ہیرے کی انگوٹھی کی قیمت 8.75 ملین روپے بتائی گئی۔

عمران نے تحائف کی تخمینہ شدہ قیمت کا تقریباً 20 فیصد یا تقریباً 20.27 ملین روپے اپنے پاس رکھنے کے لیے ادا کیا جو اس وقت کے ڈالر ریٹ کے حساب سے 163،852 ڈالر بنتے ہیں۔

اگر عمر فاروق کے 2 ملین ڈالر ادا کرنے کے دعوے پر یقین کیا جائے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ گھڑی فروخت کرنے پر عمران خان کا خالص منافع 1.84 ملین ڈالر تک پہنچ جاتا ہے۔

Related Posts