نگران حکومت نے آئی ٹی کمپنیوں پر انعامات کی بارش کردی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

نگران وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف نے آئی ٹی کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دینے والی آئی ٹی کمپنیوں میں 825 ملین روپے کے انعامات تقسیم کر دیے۔

اس سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ آئی ٹی انڈسٹری ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہے، اس لیے وہ زیادہ سے زیادہ مراعات، سہولیات اور حوصلہ افزائی کی مستحق ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کمپنیاں دنیا بھر میں باصلاحیت پاکستانیوں کی ڈیجیٹل خدمات کے ذریعے بھاری زرمبادلہ کما کر ملکی معیشت کو مضبوط کر رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر آئی ٹی سیکٹر کی کارکردگی اسی طرح جاری رہی تو امید ہے کہ آئی ٹی برآمدات کا 10 بلین ڈالر کا ہدف جلد حاصل کر لیا جائے گا۔

ڈاکٹر سیف نے ان خیالات کا اظہار لاہور میں وزارت آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے ادارے پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (پی ایس ای بی) کے زیر اہتمام تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 ڈاکٹر سیف نے کہا کہ وزارت آئی ٹی کی سفارش پر حکومت نے آئی ٹی برآمدات میں مثبت نمو والی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی ایک بلین روپے مختص کیے تھے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ رواں مالی سال کی پہلی اور دوسری سہ ماہی میں آئی ٹی برآمدات میں کئی کمپنیوں کی کارکردگی میں مثبت رجحان دیکھا گیا۔ ایسی صورتحال میں کمپنیوں کی حوصلہ افزائی بہت بروقت اور ضروری اقدام تھا، جو ہم نے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی 550 آئی ٹی کمپنیوں میں 825 ملین روپے تقسیم کیے گئے ہیں۔

ان کے مطابق اس مقصد کے لیے چھ کیٹگریز بنائی گئیں، پہلی ٹاپ 100 کمپنیوں کو  2.5 ملین روپے دیے گئے، دوسرے درجے کی 100 کمپنیوں کو 2 ملین، تیسری کیٹگری کی 100 کمپنیوں کو 1.5 ملین، چوتھی کیٹگری کی 100 کمپنیوں کو 1.25 ملین، پانچویں 100 کمپنیوں کو 750 ہزار اور چھٹی اور آخری کیٹیگری کی 50 کمپنیوں کو پانچ پانچ لاکھ روپے دیے گئے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ اس کے علاوہ ان 550 کمپنیوں میں سے ٹاپ 10 کمپنیوں کو بہترین کارکردگی پر مزید نقد انعامات کے ساتھ ساتھ ٹرافیاں بھی دی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ باقی 175 ملین روپے تربیت یافتہ آئی ٹی ہنر مند افراد کو ملازمت دینے والی کمپنیوں کو دیئے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے طریق کار وضع کی جا چکی ہے۔

تقریب میں شریک آئی ٹی کمپنیوں کے نمائندوں نے وزارت آئی ٹی کے اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ آئی ٹی اور ملکی معیشت کو فروغ دینے کیلئے حکومتوں کی جانب سے حوصلہ افزائی کے اقدامات بڑی اہمیت رکھتے ہیں۔

Related Posts