لاہور:ایچ بی ایل پی ایس ایل کا ساتواں ایڈیشن کے اختتام قذافی اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز یا ملتان سلطان دونوں میں سے ایک کے سر پر فاتح کا تاج سجاکر کل اختتام پذیر ہوگا۔
سال 2021 میں آئی سی سی کے بہترین کرکٹر کا ایوارڈ جیتنے والے شاہین شاہ آفریدی اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ حاصل کرنے والے محمد رضوان کی زیرقیادت بالترتیب لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے مابین ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے ٹائٹل کافائنل معرکہ 27 فروری بروز اتوار کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ 2017 کے بعد یہ پہلی مرتبہ ہوگا کہ جب قذافی اسٹیڈیم لاہور کا تاریخی گراؤنڈ دوبارہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے فائنل کی میزبانی کرے گا۔
ملتان سلطانز نے ایونٹ کے واحد کوالیفائر میں لاہور قلندرز کو 28 رنز سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی جبکہ لاہور قلندرز نے ٹورنامنٹ کے دوسرے ایلیمینٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 رنز سے ہرا کر ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
اس سے قبل دونوں ٹیمیں دو مرتبہ لیگ مرحلے میں مدمقابل آچکی ہیں، جہاں فتح کی دیوی ایک مرتبہ لاہور قلندرز اور ایک مرتبہ ملتان سلطانز پر مہربان ہوچکی ہے۔ دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز کو اب تک ایڈیشن 2022 میں شکست دینے والی واحد ٹیم بھی لاہور قلندرز کی ہی ہے۔
مزید پڑھیں:لاہوری لڑکی کہنے پر ایرن ہالینڈ کا ردِ عمل سامنے آگیا