کراچی، ڈیفنس فیز 5 میں اغوا کار کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 5 میں ایک اغوا کار ملزم نے فائرنگ کرکے پولیس اہلکار عبدالرحمان کو شہید کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق فائرنگ سے پولیس اہلکار کی شہادت کا افسوسناک واقعہ گزشتہ شب ڈیفنس فیز 5 میں پی ایس او پمپ کے قریب پیش آیا۔ ملزم ایک لڑکی کو گاڑی میں بٹھا کر اغوا کرکے لے جانا چاہتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:

ڈاکوؤں کا مقابلہ کرنے والی طالبہ کو 2 لاکھ روپے انعام سے نواز دیا گیا

ڈی آئی جی ساؤتھ عرفان بلوچ کا کہنا ہے کہ کار میں سوار ملزم نے ایک لڑکی کو گاڑی میں بٹھا کر زبردستی اغوا کیا جس پر شاہین فورس کے 2 اہلکاروں نے کار کو روک لیا اور پوچھ گچھ کی۔ اسی دوران کار میں سوار لڑکی اتر کر بھاگ گئی۔

عرفان بلوچ نے کہا کہ شاہین فورس کا ایک اہلکار کار میں بیٹھا اور ملزم کو تھانے لے کر آرہا تھا۔ دوسرا پولیس اہلکار موٹر سائیکل میں کار کا پیچھا کر رہا تھا۔ اسی دوران کار سوار اور پولیس اہلکار میں تلخ کلامی ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ تلخ کلامی کے دوران کار سوار ملزم نے پستول سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار عبدالرحمان شہید ہوا۔ ملزم شہید پولیس اہلکار کی میت چھوڑ کر فرار ہوگیا۔

واقعے میں ملزم اور پولیس اہلکاروں کے مابین تکرار کی ویڈیو بھی سامنے آچکی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس اہلکار پستول ہاتھ میں لیے ملزم کو کار میں بیٹھنے اور تھانے چلنے کا کہتا ہے۔

ڈیفنس فیز 5 میں پولیس اہلکار کے قتل کرنے والے ملزم کی شناخت بھی ہوگئی۔ ملزم خرم نثار 5 نومبر کو سوئیڈن سے کراچی آیا۔ ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا نے خرم نثار کی طرف سے فائرنگ کی تصدیق کردی۔

واردات میں استعمال کیا گیا اسلحہ اور گاڑی بھی برآمد کر لی گئی۔ پولیس نے ملزم کے ایک ساتھی کو بھی گرفتار کر لیا۔ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق شہید اہلکار نے ملزم پر جوابی فائرنگ کی تھی۔

حکام نے ائیرپورٹس اور ہائی ویز حکام کو آگاہ کردیا ہے تاکہ ملزم بیرونِ ملک فرار نہ ہوسکے۔ پولیس نے عوام سے بھی درخواست کی کہ ملزم کے متعلق اطلاع ہو تو فراہم کی جائے۔

 

Related Posts