اسلام آباد، تھانہ گولڑہ کی حدود میں لڑکی اور لڑکے کو برہنہ کرکے تشدد، 3ملزمان گرفتار

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اسلام آباد، تھانہ گولڑہ کی حدود میں لڑکی اور لڑکے کو برہنہ کرکے تشدد، 3ملزمان گرفتار
اسلام آباد، تھانہ گولڑہ کی حدود میں لڑکی اور لڑکے کو برہنہ کرکے تشدد، 3ملزمان گرفتار

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد میں تھانہ گولڑہ کی حدود میں مسلح افراد نے لڑکی اور لڑکے کو برہنہ کرکے تشدد کیا، پولیس نے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پولیس نے تھانہ گولڑہ کی حدود میں گزشتہ روز پیش آنے والے واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے پر ملزمان کے خلاف کارروائی شروع کی۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ گولڑہ میں درج کر لیا گیا ہے۔

واقعے کا مقدمہ اسلام آباد پولیس کے سب انسپکٹر کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ لڑکی اور لڑکے پر تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر نظر آئی جس میں 5 سے 6 ملزمان تھے۔

مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ 5 سے 6 ملزمان نے لڑکی کو برہنہ کرکے دھمکیاں دیں۔ دونوں متاثرہ افراد پر تشدد بھی کیا گیا جبکہ یہ واقعہ اسلام آباد کے سیکٹر ای 11 ٹو میں پیش آیا۔

بعد ازاں آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔ ایس پی صدر زون کی نگرانی میں پولیس ٹیم نے رات گئے کارروائی کی۔

وقوعے میں ملوث مرکزی ملزم عثمان مرزا سمیت تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان میں عثمان مرزا، فرحان اور حافظ عطاء الرحمان شامل ہیں۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

قبل ازیں اسلام آباد میں ملزم عثمان مرزا نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر لڑکی اور لڑکے پر تشدد کیا اور نازیبا گالیاں دیں جس پر پولیس نے عثمان مرزا کے ساتھ ساتھ اس کے ساتھی فرحان کو حراست میں لے لیا۔

سوشل میڈیا پر واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اسلام آباد پولیس حرکت میں آگئی، پولیس کا کہنا تھا کہ ویڈیو میں جو تیسرا ملزم نظر آیا تھا، اس کی تلاش جاری ہے، گرفتار ملزمان سے تفتیش شروع کردی گئی۔

پولیس نے سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے چند گھنٹوں بعد عثمان مرزا کو گرفتار کرکے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا۔ ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔ ملزم کی اسلحے کی نمائش سے متعلق دیگر ویڈیوز بھی منظرِ عام پر آگئیں۔

قبل ازیں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دکھایا گیا کہ بااثر شخص عثمان مرزا نے خاتون اور لڑکے کو نہ صرف ہراساں کیا بلکہ ان پر تشدد کیا اور مغلظات بکتا رہا۔ کچھ لوگوں نے ملزم کو روکنے کی کوشش بھی کی۔

ملزم نے نوجوان لڑکے اور لڑکی کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے بھرپور تشدد کیا۔ تاحال پولیس کو یہ اندازہ نہیں کہ تشدد کا یہ واقعہ کس وقت پیش آیا۔ اسلام آباد پولیس نے ملزمان سے پوچھ گچھ شروع کردی ہے۔لڑکی اور لڑکے سے بھی تفتیش کی جائے گی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پشاور میں گھریلو تنازعے پر 2 افراد نے سگی بہن پرتشددکیا، گھریلو جھگڑے میں ضعیف العمر خاتون کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا،تشدد کی ویڈیو وائرل ہوگئی،پولیس نے فوری کاروائی کرکے ملزمان کوگرفتارکرلیا۔

وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 2 ملزمان ایک خاتون کو ہیلمٹ اور ہتھوڑی سے مار رہے ہیں۔ویڈیو وائرل ہونے کے بعد خیبر پختونخوا پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف کارروائی شروع کردی۔

تازہ ترین صورتحال کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں لڑکی کو برہنہ کرکے تشدد کرنے سے متعلق معاملے پر گرفتار کیے گئے 3 ملزمان جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیے گئے جن کا ریمانڈ منظور کر لیا گیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے ملزمان کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے۔ گرفتار ملزمان عثمان مرزا، حافظ عطاء الرحمان اور فرحان کو جوڈیشل مجسٹریٹ وقار گوندل کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ 

مزید پڑھیں: جائیداد کے تنازعہ پرسگی بہن پر انسانیت سوز تشدد کرنیوالے ملزمان گرفتار

Related Posts