کراچی پیکیج پرعملدرآمد سے شہر کی قسمت بدل سکتی ہے

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

وزیراعظم پاکستان عمران خان نے آفت زدہ شہر کراچی کو درپیش مسائل کو حل کرنے کیلئے 11سو ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کردیا ہے، کراچی کے دیرینہ مسائل کے حل کیلئے سندھ اور وفاق کے درمیان مل کر کام کرنے پر اتفاق ہوگیا ہے۔

کراچی پیکیج پر عملدرآمد اور مسائل کے حل کیلئے صوبائی کوآرڈی نیشن عملدرآمد کمیٹی بھی بنائی گئی ہے اور آئندہ تمام فیصلے اس کمیٹی کے فورم پر ہوں گے۔

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اعلان کردہ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت شہر قائد میں ٹرانسپورٹ، سالڈ ویسٹ، پانی اور سیوریج سسٹم کے مسائل حل کیے جائیں گے، کراچی کے سرکلر ریلوے کا منصوبہ بھی اس پیکیج سے مکمل کیا جائے گا ۔

وزیراعظم عمران خان نے کراچی کا دورہ کرکے شہر کے مسائل کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت بھی کی اور اس اجلاس کی خوش آئند بات یہ تھی کہ وزیراعظم نے اپنے دورہ کراچی میں گزشتہ دوروں کے برعکس اس بار وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو نظر انداز کرنے کے بجائے فیصلوں میں شریک کیا ۔

کراچی گزشتہ کئی برسوں سے مسائل کی آماجگاہ بنا ہوا ہے لیکن حالیہ بارش کے دوران پیدا ہونیوالی صورتحال نے تمام سیاسی جماعتوں  اور اداروں اور حکومتوں کیلئے ایک خطرے کی گھنٹی بجادی ہے جس کے بعد ایسا محسوس ہوتا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اور ادارے کراچی کے مسائل حل کرنے کیلئے سنجیدہ ہوچکے ہیں، یہی وجہ ہے کہ آرمی چیف قمر جاوید باجوہ، اپوزیشن لیڈر شہباز  شریف اور وزیراعظم عمران خان کراچی کے دورہ پر آئے ہیں۔

کراچی پاکستان کا معاشی حب ہونے کے علاوہ سب سے بڑا شہر ہے اور اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ بڑے شہروں کے مسائل بھی بڑے ہوتے ہیں لیکن کراچی گزشتہ کئی سالوں سے پانی کی فراہمی و نکاسی اور کچرے میں ہی پھنسا ہوا ہے اور بارش کی صورت میں کراچی میں تباہی و بربادی ہر سال کا نوحہ بن چکا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ سال بھی کراچی کیلئے پیکیج کا اعلان کیا تھا لیکن اس پر عملدرآمد نہیں ہوسکا جبکہ سندھ کی حکمراں جماعت پیپلز پارٹی اور ایم کیوایم نے گزشتہ کئی برسوں میں کراچی کے مسائل حل کرنے کے بجائے الزام تراشی کرتے ہوئے وقت گزارنے کو ترجیح دی۔

کراچی کے مسائل کے حل کیلئے سیاسی اتفاق سب سے اہم چیز ہے اور حالیہ دورہ میں وزیراعظم نے سندھ حکومت کو ساتھ لیکر اہم اقدام اٹھایا ہے کیونکہ وفاق کو کراچی کی بہتری کیلئے سندھ حکومت کا ساتھ لازمی درکار ہے اور ماضی میں سندھ حکومت کو نظر انداز کرنے سے دونوں جماعتوں کو کوئی فائدہ ہوا ہو یا نہیں لیکن کراچی کے باسیوں کو نقصان ضرور ہوا ۔

کراچی کے شہری وزیراعظم پاکستان عمران خان، سندھ حکومت اور شہر قائد کا درد رکھنے والے کے شکر گزار ہیں کہ دیر سے ہی سہی کراچی کی تکالیف کا درد محسوس تو ہوا ہے لیکن اہم بات یہ ہے کہ محض اعلانات پر اکتفا نہ کیا جائے بلکہ اس درد کا علاج بھی کیا جائے تاکہ کراچی کے باسی سکھ کا سانس لے سکیں اور اگر اعلان کردہ پیکیج پر عملدرآمد ہوجائے تو حقیقت میں کراچی ایک بار پھر روشنیوں  کا شہر بن سکتا ہے۔

Related Posts