مکران کوسٹل ہائی وے پربس کوحادثہ ،نیوی اہلکاروں سمیت 9افراد جاں بحق

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

bus accident makran
مکران کوسٹل ہائی وے پربس کوحادثہ ،نیوی اہلکاروں سمیت 9افرادجاں بحق

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

لسبیلہ: بلوچستان کے علاقے مکران میں کوسٹل ہائی وے کے قریب مسافر بس کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں نیوی اہلکاروں سمیت 9 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

لیویز حکام کے مطابق حادثہ کراچی سے تقریباً 270 کلومیٹر دور بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کی حدود میں مکران کوسٹل ہائی وے پر بزی ٹاپ کے مقام پر پیش آیا جہاں اورماڑہ سے کراچی کی طرف جانے والی مسافر بس گہری کھائی میں جا گری، حادثے میں29افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر بیلہ جمیل بلوچ کے مطابق بس میں سوار تمام 38 افراد پاک بحریہ کے اہلکار اور ان کے اہلخانہ تھے جو چھٹیاں ملنے کے بعد گوادر کے علاقے اورماڑہ میں قائم بحریہ کے اڈے سے کراچی جارہے تھے۔

جمیل بلوچ نے بتایا کہ اورماڑہ سے کراچی جانے والی بس کوسٹل ہائی وے پر بزی ٹاپ کے قریب بریک فیل ہونے کے باعث گہری کھائی میں جا گری، حادثے کی اطلاع ملتے ہی لیویز نے پاک فوج، پاک بحریہ اور پاکستان کوسٹ گارڈز کے ہمراہ ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا۔

اورماڑہ میں موجود کوسٹ گارڈ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جنہیں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ہیلی کاپٹر کے ذریعے کراچی منتقل کیا جارہا ہے،انہوں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے جس کے بعد ان کی لاشیں آبائی علاقوں کو روانہ کردی جائیں گی۔

اس سے قبل دیامر میں اسکردو سے راولپنڈی جانے والی مسافر بس پہاڑ سے ٹکرانے کے باعث خوفناک حادثے کے نتیجے میں 26 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے تھے ۔

یہ بھی پڑھیں: دیامر میں مسافر بس پہاڑ سے ٹکرانے سے خوفناک حادثہ، 26 افراد جاں بحق ، متعدد زخمی

Related Posts