مصطفیٰ کمال نے لیک کی گئی ویڈیو کی ذمہ داری لے لی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

مصطفیٰ کمال
(فوٹو: آن لائن)

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے ڈپٹی کنوینر اور سابق میئر کراچی مصطفیٰ کمال نے لیک کی گئی ویڈیو کی ذمہ داری لیتے ہوئے کہا ہے کہ ویڈیو جعلی نہیں ہے، میں رابطہ کمیٹی کو بتا رہا ہوں کہ یہ پیپلز پارٹی نے کہا ہے، اس میں خبر والی کوئی بات نہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے ایک ویڈیو بیان میں سابق میئر کراچی مصطفیٰ کمال نے کہا کہ میری ایک آڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔ سب سے پہلے یہ بتا دیتا ہوں کہ یہ میری ہی آڈیو ہے، میں اس کی ذمہ داری لے رہا ہوں۔ میں الیکشن کے بعد سے ایم کیو ایم کی مذاکراتی کمیٹی کا حصہ ہوں۔

ٹوئٹر پیغام میں مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) سے ہماری پے درپے کئی ملاقاتیں ہوئیں۔ ایک ملاقات کے بعد اتوار والے دن میں رابطہ کمیٹی کے آفس میں بیٹھ کر اراکین کو بریفنگ دے رہا ہوں کہ اس ملاقات میں کیا باتیں ہوئی تھیں۔

ویڈیو پیغام میں مصطفیٰ کمال نے کہا کہ میں نے ان کو بتایا کہ جب مسلم لیگ (ن) کے دوستوں سے بات ہوئی کہ آپ کی پیپلز پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کیسی رہی؟ تو مسلم لیگ (ن) والوں نے کہا کہ پی پی پی اور ن لیگ کے ملنے کے بعد اب ایم کیو ایم کی ضرورت نہیں۔

پیغام میں مصطفیٰ کمال نے کہا کہ میں آڈیو میں اپنے رابطہ کمیٹی کے لوگوں کو بتا رہا ہوں کہ مسلم لیگ (ن) والوں نے یہ کہا ہے کہ ہمارے نمبر پورے ہیں۔ پیپلز پارٹی کہہ رہی ہے کہ ایم کیو ایم کا مینڈیٹ جعلی ہے۔ پیپلز پارٹی یہ بات تو ٹی وی پر کہہ رہی ہے، یہ خفیہ بات نہیں۔

سابق میئر کراچی نے کہا کہ ہم بھی پیپلز پارٹی سے کہہ رہے ہیں کہ آپ کا مینڈیٹ جعلی ہے۔ ان دو باتوں میں تو کوئی خبر نہیں ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ یہ بات رابطہ کمیٹی کے کمرے میں ہوئی اور کسی نے رابطہ کمیٹی کے کمرے میں بیٹھ کر میری وائس ریکارڈنگ کی۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ بہت دنوں سے ہمیں یہ اطلاعات تھیں کہ ہماری رابطہ کمیٹی میں ایم کیو ایم (لندن) کے لوگ بیٹھے ہیں۔ وہ ان کیلئے کام کر رہے ہیں۔ ہم نے اس آڈیو کا فارنزک کرا لیا ہے۔ ہمیں پتہ چل گیا ہے کہ کون ہے جو رابطہ کمیٹی میں بیٹھ کر ان کیلئے کام کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ آڈیو ایم کیو ایم (لندن) نے ریلیز کی۔ وہ سمجھ رہے ہیں کہ ان کے ہاتھ بہت بڑی چیز لگ گئی ہے جبکہ یہ عام سی بات ہے جس کے اندر کوئی سیکرٹ نہیں ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ رابطہ کمیٹی کے اندر کی گفتگو باہر گئی۔ ہم جان گئے ہیں کہ ایم کیو ایم (لندن) کا وہ ایجنٹ کون ہے۔

Related Posts