ملت ایکسپریس واقعہ خودکشی یا قتل؟ مریم کی موت معمہ بن گئی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

ملت ایکسپریس واقعہ
(فوٹو: اے آر وائی)

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

لاہور: ملت ایکسپریس واقعہ خودکشی ہے یا قتل؟ پولیس اہلکار کے تشدد کے بعد جاں بحق خاتون مریم کی موت معمہ بن گئی تاہم خاتون کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔

نجی ٹی وی (اے آر وائی) کی رپورٹ کے مطابق ملت ایکسپریس میں تشدد کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد متاثرہ خاتون مریم کی لاش برآمد ہوئی جس کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی ہے۔ رپورٹ میں موت کی وجوہات سے پردہ ہٹا دیا گیا۔

 پولیس نے جاں بحق خاتون مریم کے کیس پر تفتیش جاری رکھی ہوئی ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خاتون کی موت حادثے کا نتیجہ تھی، جسم پر زخموں کے 5 نشان پائے گئے جبکہ موت ہڈیاں ٹوٹنے اور زیادہ خون بہہ جانے سے واقع ہوئی۔

رپورٹ میں مریم کے سر پر لگنے والی چوٹ کو موت کی بنیادی وجہ قرار دے دیا گیا جبکہ گزشتہ روز سامنے آنے والی ایک اور ویڈیو میں مریم کو بال کھولے اور ہاتھ اٹھا کر جھومتے دیکھا جاسکتا ہے جس سے مریم کو نشہ آور چیز پلانے کا شبہ پیدا ہوتا ہے۔

تفتیشی افسران تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں کہ خاتون کو ٹرین سے گرایا گیا یا مریم نے خودکشی کی۔ تاحال متاثرہ خاتون کی موت پولیس کیلئے ایک معمہ بنی ہوئی ہے جسے ریلوے پولیس اہلکار نے حیدر آباد میں تشدد کا نشانہ بنایا اور گھسیٹتا ہوا لے گیا تھا۔

ملت ایکسپریس واقعے میں حیدر آباد میں تشدد کا نشانہ بننے کے بعد خاتون مریم کی لاش بہاولپور کے قریب ملی تھی۔ مریم بی بی کراچی میں بیوٹی پارلر پر کام کرتی تھی جو عید منانے کیلئے اپنے آبائی علاقے جڑانوالہ جاتے ہوئے پولیس اہلکار کے تشدد اور پھر موت کا شکار ہوئی۔

مریم بی بی کے بھائی نے تشدد کرنے والے اہلکار میر حسن پر قتل کرنے کا الزام عائد کیا اور ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست بھی کی۔ قتل کا مقدمہ تھانہ چنی گوٹھ میں جاں بحق خاتون کے بھائی کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں میر حسن سمیت 3 اہلکار ملزم نامزد ہیں۔

Related Posts