میٹرک بورڈ دسویں جماعت ریاضی کا پرچہ بھی وقت سے قبل آؤٹ ہوا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

میٹرک بورڈ دسویں جماعت ریاضی کا پرچہ بھی وقت سے قبل آؤٹ ہوا

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی: میٹرک امتحانات میں نقل مافیا رواں سال بھی سرگرم ہوچکی ہے، میٹرک بورڈ نقل مافیا کو لگام دینے میں مکمل طور پر ناکام ہوگیا ہے۔ چیئرمین میٹرک بورڈ کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔

دسویں جماعت سائنس گروپ کا ریاضی کا پرچہ بھی آوٹ ہوگیا، پرچہ شروع ہونے سے 30 منٹ پہلے ہی نقل مافیا کے ہاتھ لگ گیا۔میٹرک بورڈ کراچی کی انتظامیہ کی نااہلی کے باعث میٹرک سائنس گروپ ریاضی کا پرچہ مقررہ وقت سے30منٹ پہلے ہی آؤٹ ہوگیا۔

کراچی میں میٹرک بورڈ کی نااہلی کے باعث امتحانات مذاق بن کررہ گئے، میٹرک سائنس گروپ کے فزکس کے پرچے کے بعد ریاضی کا پرچہ مقررہ وقت سے 30 منٹ پہلے ہی سوشل میڈیا کی زینت بن گیا۔چیئرمین میٹرک بورڈ شرف علی شاہ کا کہنا ہے کہ اسکول کے پرنسپل کی ذمہ داری ہوتی ہے پرچہ باہر نہ جائے، بورڈ کی ذمہ داری پرچہ وقت پر پہنچانے کی ہوتی ہے جیسے بخوبی ادا کیا گیا۔

شرف علی شاہ نے مزید کہا کہ کمشنر اور ڈی آئی جی کو خط لکھا تھا لیکن پولیس موقع پر نہیں پہنچی، دوبارہ خط لکھوں گا کہ امتحانی مراکز کی سیکورٹی یقینی بنایا جائے۔ اس سے قبل بھی میٹرک بورڈ انتظامیہ نے پہلے پیپر میں کوتاہی برتنے والے 38 سی سی اوز کو معطل کردیا تھا۔یاد رہے کہ دو روز قبل میٹرک سائنس گروپ کے فزکس کا پیپر صرف 4منٹ بعد آؤٹ ہوگیا تھا۔

مزید پڑھیں: سندھ بھر میں امتحانی مراکز کے باہر دفعہ 144 نافذکردی گئی

اس حوالے سے پاکستان پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کے چیئرمین پرویز ہارون کا کہنا ہے کہ میٹرک بورڈ کے دونوں پرچے وقت سے قبل آؤٹ ہوئے اور میٹرک بورڈ اس کی ذمہ دار ی بھی نہیں لے رہا ہے، اس سے قبل میٹرک بورڈ کی تاریخ میں اس سطح کی بدترین بد انتظامی نہیں دیکھی ہے، اس پر باقاعدہ انکوائری ہونی چاہئے تاکہ ملوث افراد کے خلاف ضابطے کی کارروائی کی جاسکے۔

Related Posts