کراچی کے صنعتکارو ں نے حکومت سے گیس نرخوں میں کمی کامطالبہ کردیا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی کے صنعتکارو ںنے حکومت سے گیس نرخوں میں کمی کامطالبہ کردیا
کراچی کے صنعتکارو ںنے حکومت سے گیس نرخوں میں کمی کامطالبہ کردیا

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی:سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے سرپرست زبیر موتی والا نے وزیراعظم عمران خان سے کرونا سے پیدا ہونے والے سنگین معاشی بحران کے باعث برآمدی صنعتوں باالخصوص ٹیکسٹائل انڈسٹری کو تباہ ہونے سے بچانے کی اپیل کی ہے اور ساتھ ہی مطالبہ کیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے پیش نظر گیس نرخوں میں نمایاں کمی کی جائے تاکہ صنعتوں کی پیداواری لاگت کم ہوسکے۔

زبیر موتی والا نے وزیراعظم عمران خان کو ارسال کیے گئے ایس او ایس میں کہا کہ کرونا کی وبا کے باعث صنعتیں تقریباً2ماہ بندش کا شکار رہی ہیں اور اب حکومت کے ایس او پیز کے مطابق مرحلے وار پیدواری سرگرمیاں بحال ہورہی ہیں تاہم دنیا بھرمیں کرونا کی وبا کے تباہ کن اثرات کی وجہ سے امریکا سمیت یورپی ممالک کی جانب سے سرحدوں کو بند کرنے سے پاکستان کی برآمدی صنعتوں کو بھی بہت بڑا دھچکا لگا۔

کیونکہ غیر ملکی خریداروں نے مال کی ڈیلیوری لینے سے انکار کردیا تھا اور بڑی تعداد میں برآمدی آرڈرز بھی منسوخ کردیے گئے تھے جس سے ملکی برآمدات پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوئے۔انہوں نے کہاکہ ایک طرف پاکستان میں کرونا کے باعث صنعتوں کی بندش اور دوسری طرف غیر ملکی خریداروں کا تیار مال کی ڈیلیوری نہ لینے سے برآمدکنندگان کا سرمایہ پھنس کر رہ گیا ہے اور انہیں شدید مالی بحران کا سامنا ہے۔

ملک کی موجودہ صورتحال اور سنگین معاشی بحران کے باعث حکومت کو برآمدی صنعتوں کو سپورٹ کرنے کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے بتایا کہ اوگرا نے گیس کی قیمت60.7ڈالر مقرر کی تھی جو فی الوقت25ڈالر پر آگئی ہے لہٰذاگیس نرخوںمیں 40فیصد کمی کی جاسکتی ہے جبکہ آر ایل این جی کی قیمت بھی 2ڈالر سے بھی نیچے آگئی ہے جس کے فوائد تمام ملکوں نے اپنی صنعتوں تک پہنچائے ہیں۔

لہٰذا گیس کے زائدنرخوں اور پیدواری لاگت میں مسلسل اضافے کے باعث ملکی صنعتیں کس طرح عالمی مارکیٹ میں مقابلہ کرپائیں گی۔ زبیر موتی والا نے ایس او ایس میں وزیراعظم عمران خان کی توجہ مبذول کرواتے ہوئے کہاکہ حکومت صنعتوں کو یوٹیلیز کی مد میں ریلیف فراہم کرکے خاطر خواہ مدد فراہم کرسکتی ہے۔

انہوںنے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ حکومت کو چاہیے کہ وہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی کم قیمتوں کو مدنظر رکھ کر گیس کے نرخوںمیں بھی اسی تناسب سے کمی کرے تاکہ صنعتوں کی پیداواری لاگت میں کمی لائی جاسکے اور ملکی برآمدات کو فروغ حاصل ہو۔

Related Posts