بھارت کی غیر انسانی روش برقرار،کشمیر میں نماز عید پر بھی پابندی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

بھارت نے کشمیر پر غاصبانہ قبضے کے دوران کوئی ایسا ظلم نہیں جو کشمیر کے مسلمانوں پر نہ کیا ہوا، 5 اگست 2019ء کو کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد غاصب بھارت کے مظالم میں اضافہ ہوتا جارہاہے، بھارت نے عید الفطر کے بعد عیدالاضحی پر بھی کشمیر کے مسلمانوں کو عید کی نماز ادا کرنے سے روک دیا اور حریت رہنماؤں کو گھروں میں نظر بند کردیا ۔

بھارت کی طرف سے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد مقبوضہ وادی میں بنیادی انسانی حقوق بھی سلب کرلئے گئے ہیں، مقبوضہ علاقے میں علاج معالجے کی سہولیات کا فقدان ہے جبکہ انٹرنیٹ اور اطلاعات تک رسائی کے تمام ذرائع مسدود ہوچکے ہیں۔بھارت کی طرف سے گزشتہ ایک سال سے کشمیری عوام کو سخت محاصرے میں رکھا گیا ہے جبکہ نمازعید کے اجتماعات پر بھی پابندی عائد ہے۔

پاکستان گزشتہ 70 سال سے مسئلہ کشمیر حل کیلئے کوشاں ہے اور پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی حمایت کرتا ہے جبکہ وزیرخارجہ شا ہ محمود قریشی نے جمعہ کے روز ایک بار پھر کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے 5 اگست کو پاکستان کی جانب سے یو م استحصال منانے کا اعلان کیا ہے جبکہ گزشتہ روز پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول کے کھوئی رتہ سیکٹر کا دورہ کیا اور جوانوں سے خطاب میں انہوں نے کشمیریوں کی غیر مشروط حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

کشمیر میں جاری مظالم کیخلاف کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر حریت پسند تنظیموںنے دنیا بھر کے مسلمانوں سے مدد کی درخواست کی ہے جبکہ کشمیر کے عوام سے 5 اگست کو بھارت کے جابرانہ اقدام کیخلاف مقبوضہ وادی میں یوم سیاہ منانے کی اپیل کی ہے۔

بھارت 71 سال سے کشمیر پر قابض ہے اور اب نریندر مودی کے دور حکومت میں کشمیریوں پر مظالم مزید بڑھ چکے ہیں جبکہ گزشتہ سال کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد بھارت نے کشمیر میں مسلمان اکثریت کم کرنے کیلئےغیر مقامی افراد کی آباد کاری کا سلسلہ بھی شروع کردیا ہے۔

بھارت اپنی غیر انسانی روش کی وجہ سے پورے خطے کیلئے خطرہ بن چکاہے، پاکستان، چین اور نیپال کے ساتھ کشیدگی اور کشمیر میں شورش کے ساتھ ساتھ بھارت نے متنازعہ شہریت ایکٹ لاکر اپنے ہی شہریوں کے ساتھ بھی محاذ آرائی شروع کررکھی ہے۔

اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ اقوام عالم اور تمام بااثر ممالک خطے کوکشیدگی کی طرف دھکیلنے والے بھارت کے مزموم عزائم کے آگے بندھ باندھیں  کیونکہ بھارت کی بڑھتی ہوئی جارحیت کی وجہ سے خطے میں کشیدگی بڑھتی جارہی ہے جو کسی بڑی تباہی کا پیش خیمہ بن سکتی ہے۔

Related Posts