امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ ایک نئے اور نازک موڑ پر پہنچ چکی ہے جہاں سفارت کاری، فوجی دباؤ، جوہری پروگرام کا خاتمہ اور عالمی معیشت ایک دوسرے سے منسلک ہوگئے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف سخت بیانات اور دوبارہ فوجی کارروائی کے امکانات نے خطے میں سراسیمگی پھیلا رکھی ہے ، جبکہ قطر ایک مرتبہ پھر واشنگٹن اور تہران کے درمیان رابطے کا اہم ذریعہ بن کر سامنے آیا ہے اور آج 9 نومبر کو قطری وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن آل ثانی کی وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ سے ملاقات غیر معمولی اہمیت اختیار کرگئی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق قطری وزیراعظم کی صدر ٹرمپ کے علاوہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس سے بھی ملاقات طے ہے۔ قطر گزشتہ کئی ہفتوں سے امریکا اور ایران کے درمیان بالواسطہ مذاکرات میں ثالثی کررہا ہے۔ ان مذاکرات کا بنیادی مقصد جنگ بندی کی راہ ہموار کرنا، جوہری تنازع کا حل تلاش کرنا اور دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کی بحالی ہے۔ تاہم امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے واضح کیا ہے کہ مذاکرات میں ابھی تک خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہوئی اور دونوں ممالک کے مطالبات میں نمایاں اختلاف موجود ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے ایکسیوس کی 9 نومبر کی رپورٹ کے مطابق قطر کے وزیراعظم کی کوشش ہے کہ صدر ٹرمپ کو مزید وقت دینے پر آمادہ کیا جائے تاکہ مذاکرات کے ذریعے کسی قابل عمل معاہدے تک پہنچا جاسکے۔ رپورٹ میں ایک مجوزہ دو روزہ منصوبے کا ذکر بھی کیا گیا ہے، جس کے تحت پہلے مرحلے میں امریکی بحری ناکہ بندی ختم کرنے اور ایران کے منجمد اثاثوں میں سے کچھ رقم جاری کرنے پر غور ہوسکتا ہے جبکہ ایران جوہری تنصیبات کے معائنے کے لیے عالمی جوہری توانائی ایجنسی کو دعوت دینے پر رضامند ہوسکتا ہے۔
امریکا اور ایران کے درمیان تنازع کی بنیادی وجوہات میں سب سے اہم ایران کا جوہری پروگرام ہے۔ واشنگٹن اور اسرائیل کا مؤقف ہے کہ ایران کو جوہری افزودگی اور ہتھیار بنانے کی صلاحیت پر مکمل قدغن لگا دی جائے جبکہ تہران عالمی قوانین اور این پی ٹی رکن ہونے کی حیثیت سے اپنے جوہری پروگرام کو پُرامن مقاصد کے لیے قرار دیتا ہے اور مقررہ معیار کی یورینیم افزودگی کو اپنا حق سمجھتا ہے۔
اس تنازعے میں تقریباً 441 کلوگرام کے قریب 60 فیصد افزودہ یورینیم کا ذخیرہ غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے مطابق ایران کے پاس جون 2025 میں 440.9 کلوگرام یورینیم 60 فیصد تک افزودہ حالت میں موجود تھا۔ جون 2026 کی ایجنسی رپورٹ کے مطابق جنگی حملوں اور معائنوں تک رسائی نہ ہونے کے باعث ایجنسی اس مواد کی موجودہ مقدار، مقام اور حالت کی تصدیق نہیں کرسکی۔ یہی غیر یقینی صورت حال امریکا اور اسرائیل کے خدشات میں اضافہ کررہی ہے۔حتیٰ کہ اسرائیلی وزیراعظم نے برملا کہہ دیا ہے کہ ایران پہلے ہی جوہری ہتھیار بنانے کے قابل ہوچکا ہے جس کے بعد وہ ان ہتھیاروں کو اسرائیل پر استعمال کرے گا۔
دوسری جانب ایران کے لیے یورینیم افزودگی مکمل طور پر ترک کرنا ایک بڑا سیاسی اور تزویراتی فیصلہ ہوگا۔ اسی لیے دونوں فریقین کے درمیان اصل اختلاف صرف افزودگی کی شرح پر نہیں بلکہ اس بات پر بھی ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام کی نگرانی کون کرے گا، ذخیرہ کہاں رکھا جائے گا اور مستقبل میں افزودگی کی اجازت میں کون سی قابل عمل اور طاقتور پابندیں لگائی جائیں گی تاکہ ایران کبھی اس قابل نہ ہوسکے کہ وہ جوہری ہتھیار بنانے لگ جائے۔
امریکا نے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے ایک غیر معمولی قدم بھی اٹھایا ہے۔ امریکی سینٹ کام نے 7 نومبر کو اعلان کیا کہ امریکی محکمہ خارجہ کے پروگرام ریوارڈز فار جسٹس کے تحت ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے افراد کو 2کروڑ ڈالر تک انعام اور ممکنہ طور پر محفوظ مقام پر منتقلی کی سہولت دی جاسکتی ہے۔اس پیشکش میں ایران کی جوہری تنصیبات، آلات، متعلقہ اہلکاروں اور سائنسی شعبے سے وابستہ افراد کے بارے میں معلومات شامل ہیں۔یہ پیشکش ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران کے جوہری پروگرام کی آزادانہ نگرانی اور تصدیق کا عمل ناممکن ہوچکا ہے ۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ متعدد مرتبہ دعویٰ کرچکے ہیں کہ امریکی حملوں کے نتیجے میں ایران کی فوجی اور جوہری صلاحیت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ ان کے مطابق ایران کی فوجی تنصیبات، میزائل نظام اور دیگر اہم اہداف تباہ کیے جاچکے ہیں۔ تاہم کسی ملک کی فوجی صلاحیت کو صرف تباہ ہونے والی تنصیبات کی تعداد سے نہیں ناپا جاسکتا۔
ایران کے پاس میزائلوں، ڈرونز، ساحلی دفاعی نظام اور غیر روایتی بحری جنگی حکمت عملی کے ذریعے خطے میں دباؤ برقرار رکھنے کی صلاحیت موجود رہی ہے۔ اس لیے فضائی حملوں میں کامیابی کے باوجود ایران کی جانب سے جوابی کارروائی کی صلاحیت جوں کی توں برقرار ہے، بلکہ پہلے سے زیادہ قوی ہوچکی ہے۔
یہاں یہ ذکر بھی ضروری ہے کہ ایرانی پاسداران انقلاب کے ایک بحری اہلکار نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز کے جنوبی حصے میں بحری جہازوں کی رہنمائی کے لیے استعمال ہونے والے نظام تباہ ہوچکے ہیں اور رات کے دوران غیر مجاز جہازوں کو گزرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ تاہم رپورٹ میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ان نظاموں کو کس نے اور کب نقصان پہنچایا۔یہ صورتحال ظاہر کرتی ہے کہ ایران کی عسکری طاقت کا مکمل اندازہ صرف فضائی حملوں کے نتائج سے لگانا درست نہیں ہوگا۔ آبنائے ہرمز میں محفوظ بحری آمدورفت کی بحالی امریکا کے لیے بھی ایک بڑا امتحان ہے۔
امریکا کے ساتھ اسرائیل بھی ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی کیلئے پر تولے بیٹھا ہے۔ اسرائیلی وزیر دفاع نے 8 نومبر کو بیان دیا کہ ایران کے خلاف مشن ابھی مکمل نہیں ہوا اور اسرائیل اپنے دفاع کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔ ایران اپنے جوہری پروگرام کی بحالی کی کوشش کررہا ہے، جسے اسرائیل اپنے لیے سنگین خطرہ سمجھتا ہے۔ تاہم اسرائیل کی جانب سے مزید کارروائی کا امکان خطے میں پہلے سے موجود کشیدگی کو خوفناک حد تک بڑھا سکتا ہے۔ اگر اسرائیل نے امریکا کی حمایت سے ایران کی باقی ماندہ جوہری یا میزائل تنصیبات کو نشانہ بنایا تو ایران بھی اسرائیلی اہداف اور خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں اور اثاثوں کو نشانہ بنانے کے ارادے کا اظہار کرچکا ہے۔
امریکی سیاست میں 3 نومبر کے مڈٹرم انتخابات کے نتائج نے ایران جنگ کے مستقبل کو ایک نیا سیاسی پہلو دے دیا ہے۔ ڈیموکریٹک پارٹی نے ایوان نمائندگان اور سینیٹ دونوں میں اکثریت حاصل کرلی ہے، جس کے نتیجے میں صدر ٹرمپ کو اپنے دور اقتدار کے باقی دو سال کے دوران ایک منقسم کانگریس کا سامنا ہوگا۔ امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس نیوز کے مطابق مہنگائی اور روزمرہ اخراجات میں اضافے نے انتخابی نتائج میں اہم کردار ادا کیا۔تاہم انتخابات میں شکست ٹرمپ کے اختیارات ختم نہیں کرتی، لیکن ان کے سیاسی اور قانونی فیصلوں کی مشکلات ضرور بڑھا سکتی ہے۔ دوسری جانب ایران کے لیے بھی یہ خدشہ موجود ہے کہ انتخابی نتائج کے بعد صدر ٹرمپ اپنی سیاسی پوزیشن بحال کرنے کے لیے مزید سخت پالیسی اختیار کرسکتے ہیں تاکہ دنیا کو باور کرایا جاسکے کہ امریکا اب بھی دنیا کا طاقتور ترین ملک ہے۔ امریکی توانائی اور جغرافیائی سیاست کے تجزیاتی ادارے ریپیڈن انرجی گروپ کے سربراہ باب میک نیلی نے 6 نومبر کو سی این بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی کے امکانات 80 فیصد تک ظاہر کیے تھے۔ ان کے مطابق مڈٹرم انتخابات کے بعد امریکا کی جانب سے فوجی کارروائی دوبارہ شروع ہونے کا خطرہ بڑھ چکا ہے۔انہوں نے یہ بھی پیش گوئی کی کہ اگر جنگ دوبارہ شروع ہوئی تو عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے کہیں زیادہ تجاوز کرسکتی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ صدر ٹرمپ نے یکم نومبر کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران میں ایک یا دو اہداف ابھی باقی ہیں جنہیں صرف دس منٹ میں نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے خصوصی طور پر پِک ایکس ماؤنٹین کا ذکر کیا، جسے ایران کے مشتبہ زیر زمین جوہری منصوبے سے منسلک کیا جاتا ہے۔ تاہم ایران اس مقام پر جوہری سرگرمیوں کے امریکی دعوے کی تردید کرتا ہے۔اس تنازع کا سب سے تشویش ناک پہلو ٹیکٹیکل جوہری ہتھیاروں کے ممکنہ استعمال سے متعلق قیاس آرائیاں ہیں۔ امریکی تجزیہ کار ٹکر کارلسن سمیت دیگر کی جانب سے اس نوعیت کے دعوے سامنے آئے ہیں، تاہم امریکی حکومت یا پینٹاگون نے ایران کے خلاف جوہری ہتھیار استعمال کرنے کے کسی منصوبے کی تصدیق نہیں کی۔اس حوالے سے ایک اہم فرق سمجھنا ضروری ہے۔ ٹیکٹیکل جوہری ہتھیار نسبتاً محدود فوجی اہداف کے خلاف استعمال کے لیے تیار کیے جاتے ہیں، لیکن ان کے اثرات صرف میدان جنگ تک محدود نہیں رہتے۔ تابکاری، انسانی ہلاکتوں، ماحولیاتی آلودگی اور علاقائی عدم استحکام کے خطرات انتہائی سنگین ہوسکتے ہیں۔
ایران جنگ کے مستقبل کے حوالے سے اگلے چند دن بھی نہایت اہم ہیں۔ چین کے شہر شین ژین میں 18 اور 19 نومبر کو ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (اپیک )کا سربراہی اجلاس منعقد ہونے والا ہے۔ اس اجلاس میں ایشیا پیسیفک خطے کی بڑی معیشتوں کے رہنما شرکت کریں گے۔اگرچہ اجلاس کا بنیادی ایجنڈا تجارت، سرمایہ کاری، ڈیجیٹل معیشت اور علاقائی تعاون ہے، لیکن ایران جنگ کے باعث پیدا ہونے والے توانائی کے بحران اور عالمی تجارتی راستوں کی سلامتی جیسے معاملات بھی اہمیت اختیار کرسکتے ہیں۔چین کے لیے بھی مشرق وسطیٰ میں استحکام انتہائی اہم ہے کیونکہ وہ خطے سے توانائی کی بڑی مقدار درآمد کرتا ہے۔ اسی طرح جاپان، جنوبی کوریا اور دیگر ایشیائی ممالک بھی خلیجی تیل پر انحصار کرتے ہیں۔
اصل سوال یہ نہیں کہ امریکا عسکری اعتبار سے ایران کو کتنا نقصان پہنچا سکتا ہے، بلکہ یہ ہے کہ کسی نئی کارروائی کے بعد خطے میں پیدا ہونے والی بھونچالی صورتحال کو کس طرح قابو میں رکھا جائے گا۔ جنگ کا دوبارہ آغاز شاید چند فوجی اہداف کو نشانہ بنانے سے ہو، لیکن اس کے معاشی، سیاسی اور انسانی اثرات پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے سکتے ہیں۔
اس لیے امریکا اور ایران دونوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ وقتی فوجی کامیابیوں اور سیاسی دباؤ کے بجائے ایک ایسے معاہدے کو ترجیح دیں جو ایران کے جوہری پروگرام کی قابل قبول نگرانی، آبنائے ہرمز میں محفوظ بحری آمدورفت اور خطے میں پائیدار امن کو یقینی بنا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








