جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ملک گیر احتجاج اور دھرنوں کے باعث کراچی، کوئٹہ، پشاور، کوہاٹ اور دیگر شہروں میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی جبکہ متعدد قومی شاہراہیں اور موٹرویز مختلف مقامات پر بند کردی گئیں۔
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے مطابق احتجاج کے باعث قومی شاہراہ این 55 پر لاڑکانہ کے قریب، این 25 پر قلات کے مغلزئی چوک، این 50 پر بوستان کراس اور خانوزئی گرڈ اسٹیشن جبکہ این 5 پر نوشہرو فیروز بائی پاس اور کنڈیارو کے مقامات پر ٹریفک معطل ہے۔
موٹروے ایم ٹو پر بھی شمال کی جانب جانے والی ہیوی ٹرانسپورٹ گاڑیوں کا داخلہ متعدد ٹول پلازوں سے روک دیا گیا ہے۔ ان میں چکری نارتھ، کیپیٹل اسمارٹ سٹی، ٹھلیاں، بلکسر، نیلہ اور کلر کہار شامل ہیں۔ بھیرہ کے مقام پر بند ہونے والی سڑک بعد ازاں ٹریفک کے لیے کھول دی گئی۔
جمعیت علماء اسلام کا کراچی میں احتجاج
سپرہائی وے کو الآصف کے سامنے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا https://t.co/S0yUdubg8U
— Muhammad Faheem (@MeFaheem) November 26, 2026
دوسری جانب جے یو آئی (ف) کے میڈیا سیل نے دعویٰ کیا ہے کہ پارٹی قیادت کی ہدایت پر کارکنوں نے مختلف شہروں میں اہم شاہراہوں پر دھرنے دے کر ٹریفک روک دی ہے۔
پارٹی کے مطابق پشاور میں ایم ون موٹروے ٹول پلازہ بند ہونے سے دونوں اطراف آمدورفت معطل ہوگئی جبکہ کوہاٹ میں ڈھوڈہ چوک پر انڈس ہائی وے اور چشمہ کے مقام پر میانوالی اور کنڈل جانے والے راستے بند کردیے گئے۔
اسی طرح حب میں بھوانی کے مقام پر کراچی کوئٹہ قومی شاہراہ، کوئٹہ میں سبی روڈ اور لاڑکانہ بائی پاس پر بھی احتجاج کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
واضح رہے کہ جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سرگودھا میں پارٹی جلسے کے دوران مبینہ حکومتی رکاوٹوں کے خلاف ملک گیر احتجاج کی کال دیتے ہوئے کارکنوں کو سڑکیں اور اہم شاہراہیں بند کرنے کی ہدایت کی تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








