غیر قانونی طور یورپ جانے کی کوشش! باجوڑ کے 30 نوجوان لیبیا میں کشتی حادثے کا شکار

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

لیبیا کے ساحل کے قریب تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کے واقعے میں خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کے متعدد نوجوانوں کی ہلاکت کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے 30 سے زائد نوجوانوں کے جاں بحق ہونے کا دعویٰ کیا ہے تاہم حکام نے تاحال ہلاکتوں کی حتمی تعداد کی تصدیق نہیں کی۔

باجوڑ کی ضلعی انتظامیہ نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے اور واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے پولیس کو ہدایات جاری کردی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کی نشاندہی کرکے ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

وزیر مملکت برائے قبائلی امور مبارک زیب خان نے بتایا کہ لیبیا میں حادثے سے بچ جانے والے بعض افراد سے رابطہ کیا گیا ہے۔ پاکستانی سفارت خانے اور وزارتِ سمندر پار پاکستانیوں کے تعاون سے لاپتا افراد کی تلاش اور دیگر معلومات حاصل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

میاں افتخار حسین کا کہنا ہے کہ باجوڑ کے 30 سے زائد نوجوان حادثے میں ڈوب گئے جبکہ سابق رکن صوبائی اسمبلی انور زیب خان نے بھی متعدد مقامی افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی تاہم درست تعداد بتانے سے گریز کیا۔ ان کے مطابق مختلف دیہات میں جاں بحق افراد کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی ہے۔

اے این پی رہنما نے حکومت پر زور دیا کہ نوجوانوں کو روزگار اور فنی تربیت کے بہتر مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ خطرناک راستوں سے بیرون ملک جانے پر مجبور نہ ہوں۔ انہوں نے لاشوں کی شناخت اور میتوں کی وطن واپسی کے لیے بھی فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔

واضح رہے کہ یورپ پہنچنے کے خواہش مند تارکین وطن لیبیا سے بحیرہ روم کا خطرناک راستہ اختیار کرتے ہیں۔ جون 2023 میں یونان کے قریب کشتی ڈوبنے سے 500 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ جنوری 2025 میں مغربی صحارا کے قریب ایک اور کشتی حادثے میں پاکستانی شہری بھی متاثر ہوئے تھے۔

Related Posts