پاکستان میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کا 30واں اجلاس منعقد ہونا ملک کی اہم سفارتی کامیابی ہے تاہم اس اجلاس کی اصل اہمیت اس بات سے وابستہ ہے کہ اس کے نتیجے میں علاقائی تعاون، تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی روابط کو کس حد تک عملی شکل دی جاتی ہے۔تاہم علاقائی تنظیموں کی کامیابی کا تعین اجلاسوں کی تعداد یا معاہدوں پر دستخط سے نہیں بلکہ ان پر عمل درآمد سے ہوتا ہے۔ پاکستان کی جغرافیائی حیثیت اسے وسطی ایشیا، جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے درمیان ایک اہم تجارتی رابطے کا مربوط نظام بنا سکتی ہے۔ کراچی، پورٹ قاسم اور گوادر کی بندرگاہوں کے ذریعے وسطی ایشیائی ممالک کو سمندری تجارتی راستوں تک رسائی فراہم کرنے کی بڑی گنجائش موجود ہے۔ سڑکوں، ریلوے اور دیگر ذرائع نقل و حمل کے مربوط نظام سے علاقائی تجارت میں اضافہ ممکن ہے۔ اس کے لیے ضروری ہوگا کہ سرحدی گزرگاہوں پر کسٹمز کا عمل تیز کیا جائے، ٹرانزٹ تجارت کے قوانین آسان بنائے جائیں اور رکن ممالک کے درمیان تجارتی دستاویزات اور معیار کو ہم آہنگ کیا جائے۔
پاکستان کو ای سی او ممالک کے ساتھ اپنی تجارت میں عدم توازن کا بھی سامنا ہے۔ پاکستان ان ممالک سے نسبتاً زیادہ درآمدات کرتا ہے جبکہ اپنی برآمدات میں اسی تناسب سے اضافہ نہیں کر سکا۔ اس صورت حال سے درآمدی ادائیگیوں کے لیے زرمبادلہ کی ضرورت بڑھتی ہے اور تجارتی خسارے میں اضافہ ہوتا ہے۔ پاکستان چاول، ٹیکسٹائل، کھیلوں کا سامان، ادویات، زرعی مصنوعات اور دیگر صنعتی اشیا کی برآمدات بڑھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس مقصد کے لیے برآمد کنندگان کو علاقائی منڈیوں تک رسائی، بینکاری سہولیات، تجارتی معلومات اور مؤثر نقل و حمل کی سہولت فراہم کرنا ہوگی۔
ملکی سطح پر لیڈران اور اکابرین کی غلط کاریوں کے سبب کاروبار کی زیادہ لاگت بھی برآمدات اور صنعتی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ بجلی اور گیس کی بلند قیمتیں، ٹیکسوں کا پیچیدہ نظام، مالیاتی لاگت اور ماضی میں کیے گئے بجلی گھروں کے معاہدوں سے پیدا ہونے والی ادائیگیوں کا بوجھ صنعتوں کی مسابقت متاثر کرتا ہے۔ اگر پاکستانی مصنوعات کی پیداواری لاگت علاقائی حریف ممالک کے مقابلے میں زیادہ ہوگی تو بین الاقوامی منڈیوں میں ان کے لیے مقابلہ کرنا مشکل رہے گا۔ اس لیے ای سی او کے ساتھ تجارتی تعاون بڑھانے کے ساتھ ساتھ پاکستان کو اپنے داخلی معاشی مسائل پر بھی توجہ دینا ہوگی۔
سیاحت کا شعبہ بھی پاکستان کے لیے غیر ملکی سرمایہ کاری اور زرمبادلہ حاصل کرنے کا اہم ذریعہ بن سکتا ہے۔ اس حوالے سے لاہور کو 2027ء کے لیے ای سی او کا سیاحتی دارالحکومت منتخب کیا جانا ایک اہم پیش رفت ہے۔ یہ فیصلہ 2025ء میں ترکیہ کے شہر ارزورم میں منعقدہ ای سی او کے وزرائے سیاحت کے اجلاس میں کیا گیا تھا۔ تاہم اس اعزاز کو حقیقی اقتصادی کامیابی میں تبدیل کرنے کے لیے سیاحوں اور سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنا ضروری ہوگا۔ سیاحت سے متعلق کاروبار کے لائسنس، اجازت ناموں اور دیگر سرکاری کارروائیوں میں غیر ضروری تاخیر سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی کرتی ہے۔ اگر کسی سرمایہ کار کو بنیادی اجازت ناموں کے حصول میں تین ماہ سے ایک سال تک انتظار کرنا پڑے تو اس شعبے میں نئی سرمایہ کاری کی رفتار متاثر ہونا فطری ہےاور اس پر طرہ امتیاز یہ کہ بدعنوانی اور رشوت ستانی کا بازار بھی گرم رہتا ہے۔ ۔ حکومت کو سیاحتی مقامات کی ترقی، ہوٹل انڈسٹری، ٹرانسپورٹ، رہائش اور سیاحتی خدمات کے لیے آسان اور شفاف طریقہ کار متعارف کرانا ہوگا۔
دوسری جانب ایران اور امریکا کے درمیان جاری جنگ نے عالمی معیشت کے لیے سنگین خطرات پیدا کر دیے ہیں۔ آبنائے ہرمز کی بندش اور وہاں سے تجارتی جہازوں کی آمدورفت میں رکاوٹ کے باعث صرف تیل اور گیس کی فراہمی متاثر نہیں ہوئی بلکہ کھاد، سلفر اور ہیلیم جیسی اہم صنعتی اشیا کی عالمی رسد بھی دباؤ کا شکار ہے۔ آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی تجارت کے لیے انتہائی اہم گزرگاہ ہے۔ خلیجی ممالک سے نکلنے والی یوریا ، ہیلیم اور سلفر اسی راستے سے عالمی منڈیوں تک پہنچتی ہے۔ سلفر فاسفیٹ کھاد کی تیاری میں استعمال ہوتا ہے جبکہ ہیلیم سیمی کنڈکٹرز، طبی آلات اور دیگر جدید صنعتی شعبوں میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ امریکی کانگریس کی تحقیقی سروس اور اقوام متحدہ کے اداروں نے بھی اس گزرگاہ میں تعطل کے عالمی صنعتی اور زرعی اثرات کی نشاندہی کی ہے۔
اقوام متحدہ کے حکام نے خبردار کیا ہے کہ کھاد کی فراہمی میں طویل تعطل سے ایشیا اور افریقہ کے بعض ممالک میں غذائی تحفظ کا بحران پیدا ہوسکتا ہے۔ اقوام متحدہ نے ایران اور امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے ذریعے کھاد کی محفوظ ترسیل یقینی بنانے کے لیے مجوزہ طریقہ کار پر اتفاق کیا جائے۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت نے بھی خبردار کیا ہے کہ کھاد کی قلت سے فصلوں کی پیداوار متاثر ہوسکتی ہے، جس کے اثرات 2026ء کے آخری حصے اور 2027ء تک برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔ پاکستان جیسے زرعی ملک کے لیے یہ صورت حال خصوصی اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ کھاد کی قیمتوں اور دستیابی میں تبدیلی براہ راست زرعی لاگت، خوراک کی قیمتوں اور عوامی قوت خرید کو متاثر کرسکتی ہے۔
عالمی معیشت پر جنگ کے طویل مدتی اثرات کے حوالے سے بھی تشویش بڑھ رہی ہے۔ اگر ایران اور امریکا کے درمیان جنگ مزید ایک سال جاری رہتی ہے تو توانائی، تجارت، صنعتی پیداوار اور عالمی رسد کے نظام پر دباؤ مزید بڑھ سکتا ہے۔ اس صورت حال سے مہنگائی میں اضافے اور عالمی اقتصادی ترقی کی رفتار بڑھنا تو درکنار، اسے برقرار رکھنا بھی مشکل ہوجائے گا۔ عالمی معیشت پہلے ہی مختلف تجارتی اور جغرافیائی سیاسی تنازعات کے اثرات سے گزر رہی ہے، اس لیے جنگ کا مزید پھیلاؤ انیسویں صدی کے آغاز کی طرح عالمی کساد بازاری کے خطرات میں اضافہ کرسکتا ہے۔لوگ بھوک سے بلبلا اٹھیں گے اور سڑکوں پر نکل آئیں گے۔
ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کھولنے اور مذاکرات کی بحالی کے لیے پیش کی گئی تجاویز بھی موجودہ سفارتی کوششوں کا اہم حصہ ہیں۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے مطابق ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے پہلے پیش کردہ سات روزہ تجویز کو دو روزہ منصوبے میں تبدیل کیا گیا ہے، جبکہ اس کی بنیاد 18 جون کو طے پانے والی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت ہے۔ ان کے مطابق ان تجاویز میں کوئی بنیادی نئی بات شامل نہیں بلکہ پہلے سے طے شدہ اقدامات پر عمل درآمد کو تیز کرنے اور اعتماد سازی کے لیے پیش رفت کی کوشش کی گئی ہے۔ پاکستان اب بھی امریکی جواب کا منتظر ہے۔
اس دوران 18 اور 19 نومبر کو چین کے شہر شین ژین میں ایشیا بحرالکاہل اقتصادی تعاون (اپیک) کا سربراہی اجلاس بھی منعقد ہونے والا ہے، جس میں چینی صدر شی جن پنگ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادی میر پیوٹن کی شرکت متوقع ہے۔ روسی حکام اور امریکی صدر کی جانب سے تینوں رہنماؤں کی ممکنہ ملاقات کا ذکر کیا جاچکا ہے۔ ایران جنگ بھی زیر بحث آنے والے معاملات میں شامل ہوسکتی ہے، تاہم اس تنازعے پر کسی مشترکہ حل تک پہنچنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ امریکا، چین اور روس کے درمیان جوہری ہتھیاروں، عالمی سلامتی، تجارت اور یوکرین سمیت کئی اہم معاملات پر اختلافات موجود ہیں۔ ممکن ہے کہ تینوں رہنماؤں کی توجہ ان معاملات پر بھی مرکوز رہے۔
ضروری ہے کہ پاکستان اپنی ای سی او سربراہی کے دوران تجارتی معاہدوں پر عمل درآمد، برآمدات میں اضافے، سرمایہ کاری کے فروغ، توانائی کی لاگت میں کمی اور سیاحتی شعبے میں اصلاحات کو ترجیح دے۔ اسی طرح ایران اور امریکا کے درمیان جاری تنازعے کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششیں بھی خطے کے امن اور اقتصادی استحکام کے لیے اہم ہیں۔ اگر علاقائی تعاون کو عملی اقدامات سے منسلک کیا جائے تو ای سی او محض سفارتی اجلاسوں کا پلیٹ فارم بننے کے بجائے رکن ممالک کی معاشی ترقی اور عوامی خوشحالی میں مؤثر کردار ادا کرسکتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








