وسیع معدنی ذخائر پاکستانی معیشت کی ترقی، صنعتی خودمختاری، برآمدات میں اضافے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتے ہیں۔ بلوچستان کے تانبے اور سونے سے لے کر خیبرپختونخوا کے قیمتی پتھروں، سندھ کے کوئلے، نمک اور پنجاب کے صنعتی معدنی وسائل تک، پاکستان قدرتی دولت کے ایک وسیع خزانے کا مالک ہے۔ تاہم ان وسائل سے حقیقی معاشی فائدہ حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ملک روایتی کان کنی سے آگے بڑھتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی، معدنی پراسیسنگ، ریفائننگ اور مقامی صنعتی استعداد کی بہتری کو اپنی معاشی حکمت عملی کا بنیادی حصہ بنائے۔ اسلام آباد میں 12 اور 13 نومبر 2026 کو منعقد ہونے والا پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم اسی سمت میں ایک اہم پیش رفت ثابت ہوا، جس نے پاکستان کے معدنی شعبے کو عالمی سرمایہ کاروں، صنعتی اداروں اور تکنیکی ماہرین کے سامنے پیش کرنے کا موقع فراہم کیا۔
دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس میں 60 سے زائد ممالک کے نمائندوں، 10 ہزار سے زیادہ شرکا اور 122 نمائش کنندگان نے شرکت کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے سرمایہ کاری کے تحفظ اور حکومتی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کو خام معدنیات برآمد کرنے کے بجائے مقامی سطح پر ان کی پراسیسنگ، ریفائننگ اور تیار مصنوعات کی تیاری پر توجہ دینا ہوگی۔ یہ اسی صورت میں ممکن ہے جب دفتر خارجہ معاشی سفارتکاری کو بروئے کار ہوئے اپنے تمام سفیروں کو یہ ہدایت دے کہ اتنی بڑی کانفرنس کے بعد انہیں اس کی مزید پیروی کیلئے خاص طور پر ان تاجروں اور ان کے ممالک کو مدنظر رکھنا ہوگا، جہاں جہاں سے یہ تمام شرکائے کانفرنس تشریف لائے تھے اور ہر 15روز میں پراگریس رپورٹ دینا ضروری ہوگی ، وگرنہ ایسا ہی ہوگا کہ بقول شاعر:
سرمحفل و ہ خوابوں کے محل تعمیر کرتے ہیں
علاجِ غم نہیں کرتے ، فقط تقریر کرتے ہیں
اگر دفتر خارجہ کو متحرک نہ کیا گیا تو پھر یہ کانفرنس اپنے طے شدہ اہداف حاصل کرنے میں ناکام ہوجائے گی ، کیونکہ وزارت خارجہ کومتحرک کیے بغیر ایسے سیمینار اور ایسے منصوبے لاحاصل ثابت ہوسکتے ہیں۔
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھی معدنی وسائل کو قومی ترقی میں تبدیل کرنے کے لیے طویل مدتی شراکت داری، مقامی صنعتوں کے قیام اور معدنی دولت سے متعلق مکمل صنعتی سلسلے کی ترقی پر زور دیا۔ ان کا مؤقف تھا کہ پاکستان کو محض قدرتی وسائل کی موجودگی تک محدود رہنے کے بجائے انہیں عملی معاشی نتائج میں تبدیل کرنا ہوگا۔ وزیراعظم نے معدنی شعبے کے فروغ کے لیے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو بھی سراہا۔ کانفرنس میں جدید معدنیاتی معلومات کی فراہمی کے لیے نیشنل منرلز ڈیٹا سینٹر اور جیولوجیکل سروے آف پاکستان کا جیو پورٹل بھی متعارف کرایا گیا، جن سے سرمایہ کاروں کو معدنی ذخائر، ارضیاتی معلومات اور ممکنہ منصوبوں کے بارے میں بہتر معلومات دستیاب ہوں گی۔
یہاں یہ امر دلچسپی سے خالی نہ ہوگا کہ پاکستان کے معدنی شعبے میں ریکوڈک منصوبے کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہے۔ بلوچستان کے ضلع چاغی میں واقع یہ منصوبہ دنیا کے بڑے غیر ترقی یافتہ تانبے اور سونے کے ذخائر میں شمار ہوتا ہے۔ اس کی اہمیت صرف قیمتی دھاتوں کی موجودگی تک محدود نہیں بلکہ اس سے پاکستان کو عالمی معدنی صنعت میں ایک نمایاں مقام حاصل کرنے کا موقع بھی مل سکتا ہے۔
ریکوڈک منصوبے کی ملکیت میں بیرک مائننگ کا حصہ 50 فیصد، وفاقی حکومت کے تین سرکاری اداروں کا مجموعی حصہ 25 فیصد جبکہ حکومت بلوچستان کا حصہ بھی 25 فیصد ہے۔ بلوچستان کے اس حصے میں 15 فیصد مکمل مالی شراکت اور 10 فیصد مفت حصص کی بنیاد پر شامل ہے۔ اس شراکت داری کے تحت پاکستان کو منصوبے کی طویل مدتی آمدنی، معاشی سرگرمیوں اور مقامی ترقی سے فائدہ اٹھانے کا موقع حاصل ہے۔
بیرک مائننگ کی 2025 کی فزیبلٹی اسٹڈی کے مطابق ریکوڈک منصوبے کی متوقع کان کنی کی مدت 37 سال ہے۔ منصوبے کی دونوں تعمیراتی و پیداواری توسیعی مراحل پر مجموعی سرمایہ کاری کا تخمینہ تقریباً 8.83 ارب ڈالر لگایا گیا تھا۔ پہلے مرحلے میں سالانہ 4 کروڑ 50 لاکھ ٹن خام معدنی مواد پراسیس کرنے کی صلاحیت اور تقریباً 2 لاکھ 40 ہزار ٹن تانبا اور 2 لاکھ 97 ہزار اونس سونا سالانہ پیدا کرنے کا تخمینہ پیش کیا گیا۔ دوسرے مرحلے میں، جس کی توسیع 2034 کے بعد منصوبہ بندی کا حصہ تھی، پراسیسنگ کی صلاحیت بڑھا کر سالانہ 9 کروڑ ٹن کرنے اور ابتدائی دس برسوں میں اوسطاً 4 لاکھ 60 ہزار ٹن تانبا اور 5 لاکھ 20 ہزار اونس سونا سالانہ پیدا کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی، لیکن اس منصوبے کی موجودہ صورتحال کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے۔ بیرک مائننگ نے اپریل 2026 میں پاکستان اور خطے میں سکیورٹی خدشات کے باعث منصوبے کی ترقیاتی سرگرمیاں محدود کرنے اور اپنے جائزے کو 2027 کے وسط تک جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ کمپنی کے مطابق سرمایہ کاری، مالیاتی انتظامات، سکیورٹی اور منصوبے کی مدت کا دوبارہ جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اس پیش رفت سے واضح ہوتا ہے کہ ریکوڈک کی معاشی صلاحیت سے مکمل فائدہ اٹھانے کے لیے سکیورٹی، سرمایہ کاری کے تحفظ اور پالیسی تسلسل کو یقینی بنانا ناگزیر ہے۔
ریکوڈک سے پاکستان کا سب سے بڑا معاشی فائدہ اس وقت ممکن ہوگا جب ملک صرف تانبے اور سونے کے خام مواد یا ابتدائی کنسنٹریٹ کی پیداوار تک محدود نہ رہے بلکہ مقامی سطح پر ان کی مزید پراسیسنگ، اسمیلٹنگ اور ریفائننگ کی صلاحیت بھی پیدا کرے۔ بین الاقوامی مالیاتی ادارے آئی ایف سی کے منصوبے سے متعلق دستاویزات کے مطابق ریکوڈک کے بنیادی منصوبے میں اسمیلٹنگ اور ریفائننگ شامل نہیں، بلکہ یہ عمل تجارتی خریداروں کی جانب سے بیرون ملک انجام دیا جانا ہے۔ یہی وہ خلا ہے جسے پاکستان مستقبل میں سرمایہ کاری، صنعتی منصوبہ بندی اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پُر کرسکتا ہے۔
پاکستان میں ذہین اور باصلاحیت افراد کی کوئی کمی نہیں، اسی ملک کے ہونہار سپوتوں نے بلوچستان کی مٹی سے کشید کرکے نیوکلیئر کا افزودہ میٹریل بنانے تک مقامی ٹیکنالوجی کے ذریعے نیوکلیئر ہتھیار تک پہنچا دیا۔ کیا وجہ ہوسکتی ہے کہ معدنیات کی ترقی میں ایسے ہونہار سپوتوں کو شامل کرتے ہوئے اس شعبے کو مزید ترقی کی جانب گامزن نہ کیا جائے؟
اگر پاکستان ملک کے اندر تانبے کو صاف کرکے اعلیٰ معیار کی دھات میں تبدیل کرنے کے کارخانے قائم کرے تو اس سے بجلی کی تاروں، ٹرانسفارمرز، برقی آلات، صنعتی مشینری، گاڑیوں کے پرزہ جات اور دیگر مصنوعات کی تیاری کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔ اسی طرح سونے کی مقامی ریفائننگ سے زیورات، صنعتی استعمال اور قیمتی دھاتوں کی تجارت کے شعبوں میں نئی سرمایہ کاری ممکن ہے۔ اس طرح معدنی دولت صرف برآمدی آمدنی کا ذریعہ نہیں رہے گی بلکہ ملک میں وسیع صنعتی سرگرمیوں کی بنیاد بن سکتی ہے۔
ریکوڈک کے علاوہ پاکستان میں تانبے، سونے، کرومائٹ، لوہے، جپسم، نمک، چونا پتھر، کوئلے، سیسہ، زنک، بیرائٹ، لیتھیم اور اینٹیمنی سمیت متعدد معدنی وسائل پائے جاتے ہیں۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق پاکستان میں 2024 کے دوران کان کنی اور معدنیات کے شعبے کا مجموعی قومی پیداوار میں حصہ تقریباً 1.5 فیصد تھا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وسیع معدنی وسائل کے باوجود اس شعبے کی موجودہ معاشی شراکت میں اضافے کی خاطر خواہ گنجائش موجود ہے۔
پاکستان اس شعبے کو ترقی دینے کے لیے مختلف معدنیات کی بنیاد پر مخصوص صنعتی مراکز قائم کرسکتا ہے۔ بلوچستان میں تانبے، سونے اور کرومائٹ کی پراسیسنگ، سندھ میں کوئلے اور صنعتی معدنیات سے متعلق صنعتوں، جبکہ خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں قیمتی پتھروں کی کٹنگ، پالشنگ اور عالمی معیار کی پیکجنگ کے مراکز قائم کیے جاسکتے ہیں۔ پنجاب میں چونا پتھر، جپسم، نمک اور دیگر صنعتی معدنیات کو سیمنٹ، کیمیکل، تعمیراتی مواد اور متعلقہ صنعتوں کے ساتھ منسلک کرکے اضافی معاشی قدر پیدا کی جاسکتی ہے۔
پاکستان کو معدنی شعبے میں عالمی سطح پر مسابقتی مقام حاصل کرنے کے لیے چند بنیادی اقدامات کرنا ہوں گے۔ سب سے پہلے ملک بھر میں جدید ارضیاتی سروے اور معدنی ذخائر کی سائنسی درجہ بندی ضروری ہے تاکہ سرمایہ کاروں کو مستند معلومات، واضح تخمینے اور قابل اعتماد منصوبے فراہم کیے جاسکیں۔ نیشنل منرلز ڈیٹا سینٹر اور جیو پورٹل اس سلسلے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
دوسرا اہم قدم مقامی پراسیسنگ اور ریفائننگ کی صنعتوں کا قیام ہے۔ خام معدنیات کی برآمد سے محدود معاشی فائدہ حاصل ہوتا ہے، جبکہ ان کی صفائی، پراسیسنگ اور تیار مصنوعات کی تیاری سے کئی گنا زیادہ صنعتی سرگرمیاں پیدا کی جاسکتی ہیں۔ اس مقصد کے لیے غیر ملکی کمپنیوں کے ساتھ مشترکہ منصوبے، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مقامی صنعتی اداروں کی شمولیت ضروری ہوگی۔
تیسرا اہم شعبہ بنیادی انفراسٹرکچر کی ترقی ہے۔ کان کنی کے علاقوں کو قومی شاہراہوں، ریلوے، بجلی، پانی اور بندرگاہوں سے منسلک کرنا ہوگا۔ کانفرنس میں روہڑی سے نوکنڈی تک ریلوے رابطے کی بہتری کو بھی معدنی شعبے کے لیے اہم بنیادی انفراسٹرکچر کے منصوبے کے طور پر اجاگر کیا گیا۔ اس سے بلوچستان کے معدنی مراکز کو ملک کی صنعتی منڈیوں اور عالمی تجارتی راستوں سے جوڑنے میں مدد مل سکتی ہے۔
چوتھا اہم تقاضا مقامی آبادی کی معاشی شمولیت ہے۔ بلوچستان اور دیگر معدنی وسائل سے مالا مال علاقوں کے نوجوانوں کو انجینئرنگ، جیولوجی، جدید مشینری، معدنی پراسیسنگ اور صنعتی انتظام کے شعبوں میں تربیت فراہم کی جانی چاہیے۔ کان کنی کے منصوبوں سے مقامی لوگوں کے لیے روزگار، تعلیم، صحت، صاف پانی اور کاروباری مواقع پیدا کرنا بھی ضروری ہے۔ اس سے نہ صرف مقامی ترقی ممکن ہوگی بلکہ منصوبوں کے لیے پائیدار سماجی تعاون بھی حاصل ہوسکے گا۔اس کے ساتھ ماحولیاتی تحفظ، پانی کے محتاط استعمال، شفاف معاہدوں، سرمایہ کاروں کے قانونی تحفظ اور طویل مدتی پالیسی تسلسل کو یقینی بنانا بھی ناگزیر ہے۔ کان کنی ایک طویل مدتی سرمایہ کاری ہے، جس کے لیے سیاسی و انتظامی استحکام اور واضح قواعد بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

