پاکستانی ڈرامے درِ نجات کی بھارت میں بڑھتی ہوئی مقبولیت کے باوجود سیاسی کشیدگی ثقافتی سرگرمیوں کی راہ میں حائل ہوگئی جہاں سوشل میڈیا پر مخالفت کے بعد بھارتی شہر بنگلورو میں ڈرامے کی خصوصی نمائش کے لیے منعقد کی جانے والی دو نجی تقریبات منسوخ کردی گئیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک تقریب مقامی ریسٹورنٹ میں منعقد ہونا تھی جہاں شرکا کے لیے خصوصی کھانے کے ساتھ ڈرامے کی دو اقساط دکھانے کا انتظام کیا گیا تھا جبکہ دوسری تقریب ایک نجی تھیٹر میں رکھی گئی تھی جس میں مہمانوں کو پاکستانی لباس پہن کر آنے کی دعوت دی گئی تھی۔
تاہم تقریبات کے دعوت نامے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد بعض صارفین نے اعتراضات اٹھائے اور پولیس سے مداخلت کا مطالبہ کیا جس کے نتیجے میں دونوں پروگرام منسوخ کردئیے گئے۔
پاکستانی ٹی وی چینل اے آر وائی ڈیجیٹل سے نشر ہونے والے ڈرامے درِ نجات کی کہانی معروف مصنفہ عمیرہ احمد نے لکھی ہے جبکہ درفشاں سلیم اور شہریار منور مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ بھارتی ناظرین بھی یوٹیوب کے مختلف چینلز کے ذریعے ڈرامہ دیکھ رہے ہیں۔
دوسری جانب آل انڈین سینی ورکرز ایسوسی ایشن نے وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر نیٹ فلکس کی آنے والی پاکستانی سیریز جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو کی بھارت میں ریلیز روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ سیریز میں فواد خان، ماہرہ خان اور صنم سعید سمیت معروف پاکستانی فنکار شامل ہیں اور اس کا عالمی پریمیئر 4 دسمبر کو شیڈول ہے۔
واضح رہے کہ اپریل 2025 میں پہلگام حملے اور مئی میں پاک بھارت فوجی کشیدگی کے بعد بھارت میں پاکستانی تفریحی مواد کی نمائش محدود کرنے کے اقدامات کیے گئے تھے۔ اس کے باوجود پاکستانی ڈرامے اور موسیقی بھارتی سوشل میڈیا پر مقبول ہیں جس سے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی روابط اور سیاسی اختلافات کی بحث دوبارہ شدت اختیار کرگئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








