ملبے تلے زندگی کی تلاش یا انتظامیہ کی غفلت؟ ایڈمن سوسائٹی کے متاثرین کا شاہراہ فیصل پر احتجاج

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

کراچی کے علاقے بلوچ کالونی میں ایڈمن سوسائٹی میں زیر تعمیر چھ منزلہ عمارت منہدم ہونے کے واقعے کے بعد لاپتا افراد کے اہل خانہ نے امدادی کارروائیوں پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے شارع فیصل کے دونوں ٹریک بند کردئیے جس کے باعث شہر کی اہم شاہراہ پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔

اطلاعات کے مطابق عمارت گرنے کے حادثے میں اب تک 3 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ 14 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

امدادی سرگرمیوں میں سست روی سے متاثرہ لاپتا افراد کے لواحقین اور علاقہ مکین سڑک پر نکل آئے اور شارع فیصل پر رکاوٹیں کھڑی کرکے دونوں اطراف ٹریفک معطل کردی۔ مظاہرین کے ہاتھوں میں ڈنڈے بھی موجود تھے۔

مظاہرین کا موقف تھا کہ ان کے پیارے اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں لیکن ریسکیو آپریشن میں مبینہ غفلت برتی جارہی ہے اور انتظامیہ کی جانب سے مؤثر اقدامات نظر نہیں آرہے۔

احتجاج کی اطلاع ملنے پر پولیس اور انتظامی حکام موقع پر پہنچے اور مظاہرین سے مذاکرات کیے، جس کے بعد شارع فیصل کو ٹریفک کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا۔

حادثے کے بعد لاپتا افراد کی فہرست بھی جاری کی گئی ہے جس میں 17 افراد کے نام شامل ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق عمارت میں تعمیراتی کام کے دوران 30 سے 40 مزدور موجود تھے۔

Related Posts