وفاقی دارالحکومت میں غیر ملکی وفود کی آمد اور سہ فریقی دفاعی اجلاس کے پیشِ نظر کل 27 نومبر بروز جمعہ کو جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں مقامی تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے تاہم ریڈ زون میں واقع اداروں کے لیے ورک فرام ہوم کی پالیسی نافذ ہوگی۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جمعہ کو وفاقی دارالحکومت کی حدود میں تمام سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے تاہم ضروری خدمات فراہم کرنے والے اداروں بشمول پولیس، اسپتالوں، سی ڈی اے، ایم سی آئی، ضلعی انتظامیہ، آئیسکو اور سوئی ناردرن گیس پر اس تعطیل کا اطلاق نہیں ہوگا۔

دوسری جانب کیبنٹ ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق ریڈ زون میں قائم تمام وزارتوں اور سرکاری اداروں میں عام تعطیل کے بجائے ورک فرام ہوم ہوگا جبکہ افسران و عملہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں طلبی پر دفتر حاضر ہونے کا پابند ہوگا۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے بھی کل 27 نومبر کو ضلع بھر میں مقامی تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے البتہ تعلیمی بورڈز کے امتحانات اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق منعقد ہوں گے۔

واضح رہے کہ اعلیٰ سطحی دفاعی اجلاس کے باعث جڑواں شہروں میں سیکیورٹی اور ٹریفک کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








