ایران امریکا کشیدگی، مڈ ٹرم الیکشن اور ٹرمپ کا مواخذہ

تازہ ترین

تازہ ترین

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 11 نومبر کو سابق فوجیوں سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے ایران کے ساتھ جنگ شروع نہیں کی بلکہ ایران 1979 سے امریکا کے خلاف جنگ مسلط کیے بیٹھا ہے۔ ان کے بقول اب وقت آگیا ہے کہ اس تنازعے کا فیصلہ کن نتیجہ حاصل کیا جائے اور فتح 93 فیصد نہیں بلکہ 100 فیصد ہونی چاہیے۔ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکی حملوں سے ایران کو پہنچنے والے نقصان کی بحالی میں 25 سال لگ سکتے ہیں۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکا مزید تباہی نہیں چاہتا اور جنگ کے خاتمے کا فیصلہ واشنگٹن کے ہاتھ میں ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان جنگ اور مختلف مقامات پر فوجی تنصیبات کی تباہی محض ایک علاقائی تنازعہ نہیں بلکہ اس کے اثرات عام شہریوں، عالمی تجارت اور معیشت تک پھیل چکے ہیں اور آبنائے ہرمز اس حوالے سے انتہائی اہمیت رکھتی ہے جبکہ جنگ کے نتیجے میں اس اہم بحری راستے کی آمدورفت متاثر ہوئی، تیل کی ترسیل میں رکاوٹیں پیدا ہوئیں اور توانائی کی قیمتوں اور نقل و حمل کے اخراجات بھی بڑھ گئے۔ اس کے اثرات پاکستان سمیت بالخصوص ان ممالک پر زیادہ پڑتے ہیں جو توانائی کی ضروریات کے لیے درآمدات پر انحصار کرتے ہیں۔ پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کے لیے مہنگا تیل، درآمدی بل میں اضافہ، مہنگائی اور زرمبادلہ پر دباؤ مزید مشکلات پیدا کرسکتا ہے۔

امریکی سیاست میں بھی ایران جنگ کے اثرات نمایاں ہو رہے ہیں اور 3 نومبر 2026 کے وسط مدتی انتخابات میں چشم فلک نے وہ نظارہ دیکاھ کہ ڈیموکریٹک پارٹی نے ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ دونوں میں اکثریت حاصل کرلی ۔ اس کامیابی کے بعد صدر ٹرمپ کی ری پبلکن پارٹی کو کانگریس کے دونوں ایوانوں کا کنٹرول چھوڑنا ہوگا۔ نئے منتخب ارکان 3 جنوری 2027 کو اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ یوں صدر ٹرمپ کو اپنی باقی مدتِ صدارت میں ایک ایسی کانگریس کا سامنا ہوگا جس پر ان کی مخالف جماعت کا کنٹرول پہلے سے کہیں زیادہ مستحکم ہوگا۔ انتخابی نتائج میں ایران جنگ کے نتیجے میں پیدا ہونے والی مہنگائی، روزمرہ اخراجات اور ایران جنگ سے متعلق عوامی بے چینی اہم عوامل کے طور پر سامنے آئے ہیں۔

اسی سیاسی پس منظر میں وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کے مواخذے کی قرارداد بھی اہمیت اختیار کرگئی ہے اور ری پبلکن رکن کانگریس تھامس میسی نے ایران جنگ کے حوالے سے فوجی کارروائیوں، شہری ہلاکتوں اور دیگر مبینہ خلاف ورزیوں پر مشتمل آٹھ الزامات کے تحت یہ قرارداد پیش کی تھی۔رواں ماہ 10 نومبر کو ایوانِ نمائندگان نے 211 کے مقابلے میں 204 ووٹوں سے قرارداد کو متعلقہ کمیٹی کے سپرد کردیا، جس کے نتیجے میں مواخذے کی کارروائی فی الحال رک گئی لیکن 204 اور 211 کا یہ فرق بھی آگے چل کر دور ہونے کے امکانات خاصے روشن ہیں۔ صدر ٹرمپ کے لیے سب سے بڑا سیاسی چیلنج یہ ہے کہ ڈیموکریٹس جنوری میں اقتدارِ قانون سازی کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد ان کی انتظامیہ کی پالیسیوں، ایران جنگ اور دیگر معاملات کی تحقیقات بہت آسانی سے شروع کروا سکتے ہیں۔

ٹرمپ اس سے قبل دو مرتبہ ایوانِ نمائندگان میں مواخذے کا سامنا کرچکے ہیں، تاہم دونوں مرتبہ سینیٹ نے انہیں بری کردیا ۔ تیسری مرتبہ مواخذے کا امکان سیاسی بحث کا حصہ ضرور ہے، لیکن ڈیموکریٹک رہنما ہاکیم جیفریز نے انتخابات کے بعد واضح کیا کہ ان کی جماعت کے کسی رکن نے تاحال ان سے صدر کے مواخذے کی بات نہیں کی، لہٰذا اسے طے شدہ سیاسی فیصلہ قرار دینا درست نہیں ہوگا۔ مزید یہ کہ مواخذے کے لیے ایوانِ نمائندگان میں سادہ اکثریت کافی ہے، لیکن صدر کو عہدے سے ہٹانے کے لیے سینیٹ میں موجود ارکان کے دو تہائی ووٹ درکار ہوتے ہیں۔

دوسری جانب ایران کی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری اور سابق پاسدارانِ انقلاب کمانڈر محسن رضائی نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے دوبارہ ایران پر حملہ کیا تو مشرقِ وسطیٰ سے یورپ تک ان امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے جو حملوں کا حصہ بنیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران کے 7مطالبات تسلیم کیے بغیر آبنائے ہرمز کی بندش ختم نہیں ہوگی۔

یہ صورتِ حال اس خدشے کو تقویت دیتی ہے کہ اگر جنگ دوبارہ شدت اختیار کرتی ہے تو اس کے اثرات صرف امریکا اور ایران تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ خدشات یہ ہیں کہ خلیجی ممالک، یورپ، ایشیا اور عالمی منڈیوں کو بھی اس کی قیمت ادا کرنا ہوگی اور آبنائے ہرمز اور باب المندب جیسے بحری راستوں پر قدغنوں کے باعث توانائی کی ترسیل، بحری تجارت، سرمایہ کاری اور خوراک کی قیمتیں مزید متاثر ہونے سے عام شہریوں کی زندگی جو پہلے ہی دشوار ہے، اجیرن بن سکتی ہے۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ دونوں فریق فوجی طاقت کے مظاہرے اور ایک دوسرے کو مکمل شکست دینے کے دعووں کے بجائے مذاکرات اور مفاہمت کو ترجیح دیں۔ جنگ میں کامیابی کے سیاسی دعوے اپنی جگہ، لیکن اس کے انسانی، معاشی اور علاقائی نقصانات کا کوئی آسان ازالہ ممکن نہیں اور سفارتی حل ہی وہ راستہ ہے جس کے ذریعے امریکا اور ایران اپنے مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے خطے اور عالمی معیشت کو ایک بڑی تباہی سے بچا سکتے ہیں۔

Related Posts