دنیا کی تین بڑی طاقتوں امریکا، چین اور روس کے سربراہان مملکت کی چین کے شہر شینزن میں ہونے والی تاریخی ملاقات ایسے وقت میں ہوئی جب عالمی سیاست، سلامتی اور معیشت کو کئی سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، جس میں خاص طور پر ان 2 بڑی جنگوں کے کردار سے انکار نہیں کیا جاسکتا جن کا آغاز اس ملاقات میں شامل 2 صدور یعنی صدر ٹرمپ اور ان کے روسی ہم منصب ولادی میر پیوٹن نے کیا۔
میرا اشارہ تاحال جاری ایران جنگ اور یوکرین جنگ کی جانب ہے جن کے باعث عالمی معیشت کو مسلسل ناقابل تلافی نقصانات کا سامنا ہے جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی یہ پہلی باضابطہ سہ فریقی ملاقات تھی، جسے عالمی سفارت کاری میں غیر معمولی پیش رفت قرار دیا گیا۔ یہ ملاقات ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون فورم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ہو ئی، جس میں 21 ممالک کی معیشتیں شریک تھیں۔ تینوں رہنماؤں کے درمیان ایران جنگ، یوکرین تنازع، جوہری ہتھیاروں، عالمی تجارت اور مصنوعی ذہانت سمیت اہم معاملات زیر بحث آئے۔
ایران جنگ اس ملاقات کے تناظر میں خاص اہمیت کی حامل رہی کیونکہ امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں اور ایرانی جوابی حملوں نے مشرق وسطیٰ کو شدید عدم استحکام سے دوچار کر رکھا ہے۔ خلیج فارس میں فوجی تنصیبات، بحری جہازوں اور توانائی کی ترسیل کے راستوں کو لاحق خطرات نے تنازع کو محض دو یا تین ممالک کی جنگ تک محدود نہیں رہنے دیا۔ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ دونوں فریق اپنی عسکری کامیابیوں اور مخالف کو پہنچنے والے نقصانات کے دعوے کر رہے ہیں۔ خلیجی خطے میں امریکی فوجی موجودگی، بحرین میں تنصیبات، قشم جزیرے اور آبنائے ہرمز کے اطراف ہونے والی کارروائیوں نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ اس کے ساتھ بحری جہازوں اور آئل ٹینکرز کو لاحق خطرات عالمی توانائی کی رسد کے لیے بڑا مسئلہ بن چکے ہیں۔ یمن کے حوثی گروپ کی سرگرمیاں اور سعودی عرب سمیت دوسرے خلیجی ممالک کی سلامتی کو لاحق خطرات بھی اس تنازعے کو پھیلانے کا سبب بن رہے ہیں۔
امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے ممکنہ طور پر مزید تباہ کن مرحلے میں داخل ہونے کے خدشات بھی موجود ہیں۔اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف جنگ کے معاملے پر روس اور چین سے مدد لینے کی ضرورت مسترد کردی تھی۔ ٹرمپ نے یہ بیان 18 نومبر 2026 کو چین کے شہر شینژن میں فاکس نیوز کی وائٹ ہاؤس نمائندہ جیکی ہینرک کو انٹرویو دیتے ہوئے دیا، جہاں وہ چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ سہ فریقی ملاقات میں شرکت کے لیے موجود تھے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکہ کو کسی کی مدد کی ضرورت نہیں، ایران کی بحریہ، فضائیہ اور فضائی دفاعی نظام کو شکست دی جاچکی ہے، اس لیے وہ روس یا چین سے مدد مانگنے نہیں جائیں گے۔ امریکی ذرائع ابلاغ میں ایران کے خلاف ڈرٹی بم اور کیمیائی ہتھیاروں کے ممکنہ استعمال سے متعلق منصوبہ بندی کی اطلاعات سامنے آنے کے دعوے کیے گئے ہیں ۔ اسی طرح ٹیکٹیکل جوہری ہتھیاروں کے ممکنہ استعمال کا خدشہ بھی انتہائی سنگین نوعیت کا ہے۔ اگر یہ تنازعہ روایتی فوجی کارروائیوں سے آگے بڑھتا ہے تو اس کے اثرات پورے مشرق وسطیٰ اور عالمی سلامتی کے نظام پر مرتب ہو سکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بڑی طاقتوں کے درمیان سفارتی روابط کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔
امریکا، چین اور روس کے درمیان اختلافات کا ایک بڑا میدان جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت بھی ہے۔ امریکا نے چین کو جدید کمپیوٹر چپس کی فراہمی پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں کیونکہ واشنگٹن کو خدشہ ہے کہ چین ان ٹیکنالوجیز کو مصنوعی ذہانت، دفاعی نظام اور فوجی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے استعمال کر سکتا ہے۔ دوسری جانب چین امریکی برآمدی پابندیوں کو اپنی تکنیکی ترقی میں رکاوٹ سمجھتا ہے۔ نایاب معدنیات کی برآمدات، تجارتی محصولات اور جدید ٹیکنالوجی تک رسائی بھی دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کے اہم معاملات ہیں۔ اس لیے شینزن میں ہونے والی ملاقات صرف جنگوں کے خاتمے تک محدود نہیں بلکہ مستقبل کی عالمی معیشت اور تکنیکی برتری کے حوالے سے بھی اہمیت کی حامل رہی۔
پاکستان کے لیے اس پوری صورتحال کی اہمیت محض عالمی سیاست تک محدود نہیں بلکہ اس کے براہ راست معاشی اور سفارتی اثرات بھی ہیں۔ پاکستان ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے قطر کے ساتھ سفارتی کوششوں میں شریک ہے۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اقتصادی تعاون تنظیم کے اجلاس میں واضح کیا کہ اسلام آباد خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کی بحالی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ اجلاس میں شریک ممالک نے پاکستان اور قطر کی ثالثی کی حمایت بھی کی۔ اسحاق ڈار کے مطابق پاکستان ایران کی تازہ تجاویز کے امریکی جواب کا منتظر ہے اور پاکستان نے تاحال ایران جنگ کے خاتمے کی امید نہیں چھوڑی۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے مطابق پاکستان اور قطر کے ساتھ مشاورت کے نتیجے میں آبنائے ہرمز کی بحالی اور امریکا کے ساتھ مذاکرات کے لیے ایک قابل عمل تجویز پر کام کیا گیا ۔ ایران کا ابتدائی منصوبہ سات روزہ تھا، جس کے تحت شرائط پوری ہونے کی صورت میں چھٹے روز آبنائے ہرمز کھولنے اور ساتویں روز مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی تجویز تھی۔ بعد ازاں قطری تجویز پر اس مدت کو کم کرکے دو روزہ منصوبے کی شکل دی گئی۔ یہ پیش رفت ظاہر کرتی ہے کہ پاکستان اور قطر کی سفارت کاری صرف بیانات تک محدود نہیں بلکہ دونوں فریقوں کے درمیان قابل عمل تجاویز کی تیاری میں بھی اہم کردار سرانجام دیا جارہا ہے۔ تاہم ان کوششوں کے باوجود امریکی ردعمل اور فریقین کے درمیان شدید اختلافات مذاکرات کی راہ میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔
ایران جنگ کے باعث توانائی کی قیمتوں اور مہنگائی میں اضافے نے امریکی عوام اور حکومت پر بھی معاشی دباؤ میں اضافہ کیا ہے، تو دوسری جانب ایران بھی اپنے مؤقف پر قائم رہنے اور امریکی دباؤ کا مقابلہ کرنے کو اپنی اسٹریٹجک کامیابی قرار دے رہا ہے۔ یہی صورتحال مذاکرات کو پیچیدہ بناتی ہے، کیونکہ دونوں فریق اپنی شرائط پر سمجھوتے کے بجائے مخالف سے رعایتیں حاصل کرنے پر توجہ دے رہے ہیں۔
مجموعی طور پر شینزن میں ٹرمپ، شی جن پنگ اور پیوٹن کی ملاقات عالمی سفارت کاری کے لیے ایک اہم موقع ضرور ثابت ہوئی لیکن اس کے عملی نتائج اس ملاقات سے وابستہ توقعات کے مقابلے میں زیادہ نتیجہ خیز ثابت نہ ہوسکے۔ 19 نومبر کو ہونے والی اس تاریخی سہ فریقی ملاقات میں تینوں رہنماؤں نے عالمی امن، اقوام متحدہ میں اصلاحات، توانائی کے تحفظ اور جوہری ہتھیاروں کے خطرات کم کرنے پر اتفاق کیا۔ تینوں سربراہانِ مملکت کے مشترکہ اعلامیے میں جوہری جنگ کو ناقابل قبول کہا گیا، تاہم یوکرین اور ایران کی جنگوں کا واضح ذکر نہ کرنے کے باعث ملاقات کا اصل مقصد کہیں گم ہو کر رہ گیا۔ صدرٹرمپ نے جوہری ہتھیاروں میں کمی کے لیے تعاون کی خواہش ظاہر کی، جبکہ شی جن پنگ نے مذاکرات اور تعاون کو عالمی استحکام کی بنیاد قرار دیا۔ پیوٹن نے بھی عالمی امن کے لیے مشترکہ کوششوں کی حمایت کی تاہم بظاہر یہ ملاقات بڑی طاقتوں کے درمیان رابطے کا اہم آغاز تو قرار دی جاسکتی ہے ، مگر اس کے ٹھوس نتائج ابھی سامنے آنا باقی ہیں۔
اس کے باوجود پاکستان کو موجودہ سفارتی صورتحال میں مایوس ہونے کے بجائے اپنی کوششیں مزید تیز اور مؤثر بنانی چاہئیں اور امریکا اور ایران دونوں کے ساتھ اپنے سفارتی رابطے برقرار رکھتے ہوئے قطر سمیت خطے کے دیگر مؤثر ممالک کو بھی اس عمل میں شریک رکھنا چاہئے، تاکہ مذاکرات کا تعطل ختم ہو اور دونوں ممالک دوبارہ مذاکرات کی میز پر آ سکیں۔ پاکستان کا بنیادی مقصد کسی ایک فریق کی حمایت یا دوسرے کو دباؤ میں لانا نہیں بلکہ خطے کو ایک وسیع جنگ سے بچانا، کشیدگی کم کرنا اور اختلافات کا قابل قبول سفارتی حل تلاش کرنا ہونا چاہیے۔ پاکستان کی جغرافیائی اہمیت، ایران کے ساتھ ہمسایہ تعلقات اور امریکا کے ساتھ سفارتی روابط اسے اس معاملے میں ایک اہم کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ اگر پاکستان پہلے کی طرح چین کو پس منظر میں رکھتے ہوئے مستقل مزاجی، غیر جانب داری اور دانش مندانہ سفارت کاری کے ذریعے اپنی کوششیں جاری رکھتا ہے تو وہ نہ صرف ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کی بحالی میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے بلکہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن اور خطے کی معیشت کیلئے بھی ایک مثبت اور مؤثر کردار ادا کرتے ہوئے تناؤ میں کمی لا سکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








