پاکستانی صحافی کیسے غزہ میں امداد تقسیم کروا رہا ہے؟

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

فوٹو ایم ایم نیوز

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

پاکستانی صحافی اور سوشل ایکٹوسٹ ضیاء چترالی کی جانب سے اسرائیلی حملوں اور محاصرے سے سب سے زیادہ متاثرہ شمالی غزہ میں بڑے پیمانے پر امدادی کاموں کا سلسلہ جاری ہے۔

ضیاء چترالی کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق عید الفطر کے موقع پر شمالی غزہ کے یتیم بچوں کے چہروں پہ مسکراہٹ سجانے کیلئے ان میں عیدی تقسیم کی گئی۔ اس کے علاوہ ایک ٹرک آٹا بھی چاروں طرف سے اسرائیلی محاصرے کے باوجود کامیابی سے شمالی غزہ پہنچایا گیا۔

اس حوالے سے ضیاء چترالی کا کہنا تھا کہ آٹے کا ٹرک بہ سلامت منزل یعنی شمالی غزہ تک پہنچ گیا اور روئے زمین کے مظلوم ترین لوگوں میں تقسیم بھی ہوگیا۔

ان کے مطابق یہ کام انتہائی مشکل تھا، کیونکہ پہلے تو آٹا ملتا ہی نہیں، ملے تو  20 سے 25 ڈالر کا ایک کلو ہی دستیاب ہوتا ہے۔ پھر ہر جگہ صہیونی فوج کی جانب سے دھاوا بولنے کا خطرہ الگ ہوتا ہے۔

ان کے مطابق ان کی طرف سے بھجوائے گئے آٹے کے پہلے ٹرک پر اسرائیلی فوج نے حملہ کردیا، جس سے رضاکار ساتھی زخمی بھی ہوگئے اور سارا ٹرک جنوبی غزہ میں خالی ہوگیا۔

اس صورتحال میں جنوبی غزہ سے شمالی غزہ تک امداد پہنچانا انتہائی مشکل ہے، آٹے کا ٹرک شمالی غزہ کیسے پہنچایا گیا، اس حوالے سے ضیاء چترالی کا کہنا ہے کہ ہم نے تہیہ کر رکھا تھا کہ شمال میں ہر صورت ایک ٹرک پہنچانا ہے، اس لئے ساتھیوں پہ زور ڈالا کہ کچھ بھی ہو، یہ کام کرنا ہے، چاہے دگنی قیمت دینی پڑے۔

ان کے مطابق چنانچہ رفح کے مختلف اسٹوروں سے آٹے کی تھیلیاں خرید خرید کر ٹرک پورا کردیا گیا۔ اب جنوب سے شمال پہنچانے کا مسئلہ درپیش تھا۔ غزہ میں قائم فلسطینی وزارة التنسيق کو اس میں انوالو کیا گیا۔

اس کے ساتھ ہی ایک واٹس ایپ گروپ بناکر ہر نئی پیش رفت کی اطلاع دی جاتی رہی۔ راستے میں بمباری کا خطرہ تھا۔ اس لئے مسلسل سفر کے بجائے دیکھ بھال کر اور  احتیاط کے ساتھ 35 کلومیٹر کا سفر ٹرک نے آہستہ آہستہ طے کیا اور یوں عید سے ایک دن قبل ٹرک منزل تک پہنچ گیا اور آٹا متاثرین میں تقسیم کر دیا گیا۔

ضیاء چترالی کے مطابق اس ایک ٹرک آٹے پر تقریباً 17 ہزار ڈالر کا خرچہ آیا۔ اس کے علاوہ اٹھائیسویں روزے کو شمالی غزہ میں اجتماعی افطار کا بھی اہتمام کیا گیا، جبکہ “كسوة العيد” کے نام سے عید سے ایک دن قبل شمالی غزہ میں شہداء کے بیوی بچوں کیلئے عید بازار بھی لگایا گیا۔

Related Posts