مہنگی روٹی فروخت کرنے پر درجنوں افراد گرفتار، ہوٹل سیل کردئیے گئے

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

روٹی
(فوٹو: ہماری ویب)

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

لاہور: پنجاب حکومت کے احکامات کے خلاف مہنگی روٹی فروخت کرنے پر درجنوں افراد کو گرفتار اور متعد ہوٹلز کو سیل کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس نے مہنگی روٹی فروخت کرنے پر 80 سے زائد افراد کو گرفتار کیا جبکہ متعدد ہوٹلز سیل کردئیے۔ مریم نواز حکومت نے 16روپے کی روٹی بیچنے کے احکامات جاری کیے تھے جس کی خلاف ورزی پر 98 مقدمات درج جبکہ 75افراد گرفتار کیے گئے۔

نجی ٹی وی (جیونیوز)  کا کہنا ہے کہ لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے 1 روز کے دوران 2 ہزار 265 نان روٹی پوائنٹس کی چیکنگ کی جہاں 280 مقامات پر احکامات کی خلاف ورزیاں ثابت ہوئیں۔ ترجمان ضلعی انتظامیہ نے کہا کہ قیمتوں کی خلاف ورزی پر ہوٹلز کو 3لاکھ سے زائد جرمانہ بھی کیا گیا۔

پنجاب کے تاریخی شہر ملتان میں پرائس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی کے نتیجے میں 6 ہوٹلز سیل ہوئے جبکہ 10 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے آٹے کی قیمت کم کرنے کے ساتھ ساتھ روٹی بھی سستی کردی ہے۔ روٹی کی نئی قیمت 16روپے مقرر کی گئی تھی جس کی خلاف ورزی کی گئی۔

احکامات کی خلاف ورزی کے نتیجے میں پنجاب پولیس حرکت میں آگئی۔ راولپنڈی ڈویژن میں مہنگی روٹی بیچنے کے خلاف گرفتاریوں اور چھاپہ مار کارروائی کے خلاف نان بائیوں کی ہڑتال جاری ہے جبکہ پنجاب کے مختلف شہروں میں صبح سے مقامی تندور بند کردئیے گئے جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

Related Posts