کیا پاکستان میں شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ ریلیز ہوگی؟

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کیا پاکستان میں شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ ریلیز ہوگی؟

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

جیسا کہ ہم سب کو معلوم ہے بالی ووڈ کے معروف اداکار شاہ رخ خان اور خوبرو اداکارہ دپیکا پڈوکون کی فلم پٹھان رواں ماہ ریلیز ہورہی ہے، لیکن فلم کے پاکستان میں ریلیز ہونے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

گزشتہ ماہ اس قسم کی خبریں سامنے آرہی تھیں کہ پاکستان کی مقبول و معروف فلم دی لیجنڈ آف مولاجٹ بھارت کے کچھ حصوں میں ریلیز ہوگی لیکن ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے دھمکی دیے جانے کے بعد سینما مالکان نے بھارت میں فلم کی ریلیز مستقل طور پر روک دی۔

دی لیجنڈ آف مولاجٹ کی نمائش پر پابندی کے بعد پاکستانی شائقین کی یہ خواہش دم توڑ گئی کہ پاکستانی سینما گھروں میں بھارتی فلموں پر سےعائد پابندی ہٹا دی جائے گی۔

اب یہاں پر سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا پاکستان میں شاہ رخ خان کی فلم پٹھان ریلیز ہوگی؟

بالی ووڈ فلموں کی نمائش پر پہلی پابندی

پاکستان نے پہلی بار 1965 میں بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی عائد کی تھی جب دونوں ممالک کے درمیان جنگ ہوئی تھی۔ یہ پابندی ملک کے سابق فوجی حکمران جنرل (ر) پرویز مشرف کی جانب سے ایک بار پھر مقامی سینما گھروں میں بالی ووڈ فلموں کی اجازت دینے سے قبل چار دہائیوں سے زائد عرصے تک جاری رہی۔

مستقل پابندی

پاکستان کی جانب سے بھارتی فلموں کی نمائش پر مستقل پابندی سال 2019 میں لگائی گئی اور اس کے بعد سے ملک میں کوئی بھی بالی ووڈ فلم ریلیز نہیں ہوئی کیونکہ دونوں ملکوں کے درمیان حالات میں ابھی تک بہتری نہیں آئی ہے۔

سال 2019 کے بعد سے ملک کے سینما گھروں میں مقامی فلمیں یا پھر ہالی ووڈ فلمیں ہی ریلیز ہورہی ہیں۔

لال سنگھ چڈھا کی ریلیز

پچھلے سال اگست 2022 میں اس قسم کی خبریں سامنے آئی تھیں کہ بالی ووڈ فلم لال سنگھ چڈھا پاکستان میں ریلیز ہوگی، اس کو سینما گھروں میں ریلیز کرنے کیلئے درخواست بھی دائر کی گئی۔ تاہم بعد میں وزارت اطلاعات نے فلم کی نمائش کے لیے این او سی دینے سے انکار کر دیا تھا۔

پٹھان

پٹھان ایک جاسوسی ایکشن تھرل فلم ہے ، جس سے شاہ رخ خان طویل عرصے کے بعد بڑے پردے پر واپسی کررہے ہیں ۔ فلم کی کاسٹ میں دپیکا پڈوکون، جان ابراہم اور سدھانت گھیگڈمل شامل ہیں ۔ یہ فلم عام پولیس بمقابلہ جرائم کی کہانی ہوگی۔

کیا پٹھان پاکستان میں ریلیز ہوگی؟

بھارت کے کچھ حصوں میں جب سے پاکستانی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی نمائش پر پابندی لگائی گئی ہے اس کے بعد سے پٹھان کے پاکستان میں ریلیز ہونے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

کیا فلموں پر پابندی لگانا درست ہے؟

پاکستانی سینما گھروں میں بالی ووڈ فلموں کی نمائش سےسینما ترقی کرے گا، مقامی فلموں کے ساتھ ساتھ بالی ووڈ فلموں کی نمائش سے پاکستان کی تھیٹر انڈسٹری تباہ نہیں ہوگی۔

مزید برآں اگر بالی ووڈفلمیں پاکستان میں نیٹ فلکس کی ٹاپ 10 کی فہرست پر آسکتی ہیں تو پھر انھیں سینما میں بھی دکھانا چاہئیے کیونکہ اس سے یہی ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستانی شائقین بالی ووڈ فلمیں دیکھنا چاہتے ہیں۔

Related Posts