کراچی صفائی مہم کا آغاز: شہر صاف کر کے دکھائیں گے۔علی زیدی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی صفائی مہم کا آغاز
وفاقی وزیر ساحلی امور علی حیدر زیدی نے کراچی صفائی مہم کا افتتاح کردیا

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی: وفاقی وزیر برائے ساحلی امور علی حیدر زیدی نے   کہاہے   کہ شہر کراچی صاف ہوسکتا ہے اور ہم یہ کر کے دکھائیں گے۔ اگر میئر کراچی وسیم اختر اس مہم میں ساتھ نہ ہوتے تو ہمارے لیے بڑی مشکل ہوتی۔ 

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پی ٹی آئی  کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر برائے ساحلی امور علی حیدر زیدی نے کراچی پورٹ سٹرسٹ بلڈنگ میں کراچی صفائی مہم کا افتتاح کیا۔اس موقعے پر اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی، وفاقی مشیر ساحلی امور محمود مولوی اور تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی سمیت پی ٹی آئی رہنما بڑی تعداد میں موجود تھے۔ 

علی زیدی نے کہا کہ صفائی مہم کے لیے حکومت تنہا کچھ نہیں کرسکتی، اس کام کے لیے کم از کم 15 ہزار رضاکاروں کو آگے آنا ہوگا۔ ہم صفائی مہم کے پہلے مرحلے میں نالوں کی صفائی کریں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں کچرا اٹھایا جائے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر  کراچی صفائی مہم دو ہفتوں میں کراچی کے نالوں کی صفائی اور پورے شہر سے کچرا صاف کرنے کے لیے شروع کی جارہی ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ کراچی کو صاف ستھرا اور کچرے سے پاک رکھنا سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن ہم صوبائی حکومت کو شہر صاف کرکے دیں گے۔ 

انہوں نے تقریب میں تعاون کرنے پر ایف ڈبلیو او، پاک فوج اور میئر کراچی وسیم اختر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کراچی کی فلاح و بہبود پر خرچ ہونے والے پیسے صوبائی حکومت نے دبئی میں جائیدادیں بنانے پر لگا دئیے۔

 خطاب کے دوران بعض افراد نے شور شرابہ اور نعرے بازی شروع کردی جس پر علی زیدی نے انتظامیہ کو معاملات سنبھالنے کا حکم دیا لیکن شور مچانے والے انتظامیہ کے قابو میں نہ آئے اور شور شرابہ جاری رہا۔

مسلسل شور شرابے سے تنگ آ کر وفاقی وزیر  نے اپنا خطاب مختصر کیا اور تقریب سے چلے گئے۔ 

Related Posts