پاکستان میں مقیم کینیڈین خاتون ولاگر مشکل میں گھر گئیں

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

پاکستان میں کئی سال سے مقیم کینیڈین خاتون ولاگر، یوٹیوبر، بائیکر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر روزی گبریلے بین الاقوامی شہرت کے حامل بھارتی روحانی گرو جگدیش واسو دیو المعروف سدھ گرو سے ملاقات کے بارے میں فیس بک پر پوسٹ کرکے مشکل میں گھر گئیں۔

روزی گبریلے کی جانب سے ہندو پس منظر کے حامل کارپوریٹ گرو سدھ گرو سے ملاقات اور ان کے ادارے میں کورسز اٹینڈ کرنے کے اپنے تجربے کے متعلق فیس بک پوسٹ روزی گبریلے کے پاکستانی فینز اینڈ فالووزر کو ایک آنکھ نہیں بھائی، چنانچہ روزی گبریلے کے پیج سے تحریر اور تصویر شیئر ہوتے ہی فالوورز کی بڑی تعداد نے منفی کمنٹس کی بھرمار کر دی۔

روزی گبریلے نے کیا کہا؟

اپنی پوسٹ میں روزی گبریلے نے سدھ گرو سے امریکا میں ہونے والی ملاقات اور پھر ان کے ادارے سے دو کورسز کرنے کا احوال کا بیان کیا اور لکھا کہ وہ اپنے پاکستانی مسلم شوہر کے متعارف کرانے پر کئی سال سے سدھ گرو کو فالو کر رہی ہوں۔

روزی کا کہنا ہے کہ میں یہ جان کر حیران رہ گئی کہ سدھ گرو ایسے گرو ہیں جو موٹر سائیکل بھی چلاتا ہے۔ ان کے مطابق ان جیسی ایک موٹر سوار اور روحانیت کی متلاشی کے طور پر میں سدھ گرو کی تعلیمات اور طرز زندگی سے متاثر ہوئی۔

سدھ گرو کے متعلق روزی کا مزید کہنا ہے کہ وہ جو کچھ بولتے ہیں، اس میں متاثر ہونے کیلئے بہت کچھ ہے، ان کا نقطہ نظر منطقی اور سادہ ہے اور عمر، پیشے، عقیدے یا نسل سے قطع نظر ہر طرح کے ذہن کو اپیل کرتا ہے۔
روزی نے سدھ گرو سے اپنی پہلی ملاقات کا بھی ذکر کیا ہے اور لکھا ہے کہ جب مجھے ان سے ذاتی طور پر ملنے کا موقع ملا تو میں خود کو ان کا احسان مند محسوس کر رہی تھی اور نا قابل بیان احساسات کے زیر اثر تھی۔


لوگوں کی تنقید

روزی گبریلے کے پاکستانی فالوورز جو بیشتر مسلمان ہیں، کی اچھی خاصی تعداد کو ایک ہندوانہ پس منظر کے روحانی گرو کی اس قدر تعریف پسند نہیں آئی، چنانچہ انہوں نے روزی کے اس عمل کو تنقید کا نشانہ بنایا اور بہت سے فالوورز نے انہیں تبلیغ کرنا بھی شروع کردی۔

روزی کا ردعمل

بڑی تعداد میں تنقیدی کمنٹس آنے کے بعد روزی گبریلے بھی چپ نہ رہ سکیں اور انہوں نے کمنٹ سیکشن میں ایک طویل نوٹ لکھ کر تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ انہیں یہ حق نہیں کہ دوسروں پر اپنے خیالات تھوپیں اور دوسروں کی سوچ اور عمل کو اپنے نقطہ نظر سے تولنا شروع کر دیں۔

روزی کا کہنا تھا کہ میں ایک مسلمان ہوں اور اس بات پر یقین رکھتی ہوں کہ اسلام امن، محبت، برداشت اور تنوع کا مذہب ہے اور وہ دنیا کو بھی امن اور تحمل سکھاتا ہے۔

روزی گبریلے کون ہیں؟

روزی گبریلے کینیڈین ولاگر، یوٹیوبر، سولو بائیکر، فوٹو گرافر اور سوشل انفلوئنسر ہیں۔ انہوں نے 2021 میں اسلام قبول کرکے پاکستانی ولاگر اور بائیکر عدیل امیر سے شادی کی اور دونوں شمالی علاقہ جات میں کئی سال سے مقیم ہیں۔

روزی گبریلے بائیک پر دنیا بھر میں سفر کرکے اس کا احوال اپنی ولاگز میں بیان کرتی ہیں، تاہم اب وہ کئی برس سے پاکستان میں مقیم ہیں اور پاکستان کے طول و عرض میں مختلف مقامات کا سفر کرکے ان کے کلچر، سماج، سیاحتی اسپاٹس کو اجاگر کرتی ہیں۔

سدھ گرو کون ہیں؟

سدھ گرو جن کا اصل نام جگدیش واسودیو ہے، ایک انڈین یوگا گرو، موٹیویشنل اور اسپرچول شخصیت ہیں۔ انر انجینئرنگ (شخصیت سازی) کے عنوان سے وہ دنیا بھر میں لیکچر دیتے ہیں، جنہیں ہر رنگ و نسل اور زبان و مذہب کے لوگ دلچسپی سے سنتے ہیں۔

وہ ایشا فاؤنڈیشن کے نام سے ایک ادارے کے بانی ہیں، اس کے علاوہ ان کی سرپرستی میں ایک آشرم (ہندو مت میں ایک روحانی مقام، خانقاہ) اور ایک یوگا سینٹر بھی قائم ہے، جس سے بڑی تعداد میں لوگ وابستہ ہیں۔

Related Posts